عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// لیہہ ایپکس باڈی اور سیاسی اور مذہبی جماعتوں کا اتحاد کرگل ڈیموکریٹک الائنس نے مرکزی حکومت سے لداخ کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کی اپیل کی ہے۔
یہ مطالبہ لداخ کے دونوں گروپوں کی طرف سے 4 دسمبر کو ہونے والی ایک میٹنگ کے بعد وزارت داخلہ کو ایک تفصیلی مسودے میں پیش کیا گیا تھا، میٹنگ کی صدارت مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے کی تھی۔ دونوں اداروں سے کہا گیا کہ وہ مطالبات کا ایک جامع مسودہ وزارت کو پیش کریں۔
وزارتِ داخلہ کو پیش کیے گئے مسودے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ لداخ کی بھرپور تاریخ، سٹریٹجک اہمیت، ماحولیاتی اہمیت اور شمال مشرق کی دیگر ریاستوں کے ساتھ مماثلت کو مدنظر رکھتے ہوئے، اسے ریاست کا درجہ دیا جانا چاہئے۔
مسودے میں کہا گیا ہے، “یہ اقدام نہ صرف سیاسی نمائندگی میں اضافہ کرے گا بلکہ مقامی لوگوں کو جمہوری فریم ورک کے اندر اپنی امنگوں کو ظاہر کرنے کے لیے بااختیار بنائے گا، قوم کی تعمیر کے عمل میں اپنے تعلق اور شرکت کے احساس کو فروغ دے گا”۔
لداخ کو 2019 میں ایک مرکز کے زیر انتظام علاقہ کے طور پر بنایا گیا تھا، جب جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا گیا تھا اور ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کر دیا گیا تھا۔
گزشتہ دو سالوں میں، لداخ کی ایپکس باڈی لوگوں اور علاقے کے ماحول کے لیے آئینی تحفظات کے لیے مہم چلا رہی ہے۔
ایم ایچ اے کو پیش کیے گئے دیگر مطالبات میں آئین کے چھٹے شیڈول کے تحت حفاظتی اقدامات شامل تھے۔
لداخ کو ایک نازک ماحول کے ساتھ قبائلی اکثریتی علاقے کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے، مسودے میں لداخ کو چھٹے شیڈول کے تحت لانے کی تجویز ہے۔ اس اقدام کا مقصد لداخ میں درج فہرست قبائل کے زمینی حقوق کے لیے خصوصی تحفظات کی ضمانت دینا، کمیونٹی کی شناخت، تاریخ اور ثقافت کا تحفظ کرنا اور خطے کی منفرد ضروریات کے مطابق قوانین بنانے کی اجازت دینا ہے۔
دیگر مطالبات میں یونین ٹیریٹری کے لیے لوک سبھا کی دو سیٹیں اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع شامل ہیں۔
مسودے میں لداخ کے طلباءکو گزیٹڈ آسامیوں کے مساوی مواقع فراہم کرنے اور نان گزیٹیڈ ملازمتوں کے تحفظ کے لیے مضبوط اداروں کو یقینی بنانے کے لیے لداخ پبلک سروس کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مسودے میں دو لوک سبھا ممبران پارلیمنٹ اور ایک راجیہ سبھا کا نمائندہ لداخ کے لیے بھی تجویز کیا گیا ہے۔
اپیکس باڈی لیہہ اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس نے لداخ کے لوگوں کے حقیقی مطالبات کی جلد تکمیل کی توقع کرتے ہوئے میٹنگوں کے اگلے دور کے لیے پر امیدی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا، “یہ باہمی کوشش ایک جمہوری فریم ورک کے اندر خطے کی سیاسی، ثقافتی اور انتظامی ضروریات کو پورا کرنے کی طرف ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتی ہے”۔