عظمیٰ ویب ڈیسک
کولگام/جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں گزشتہ ماہ لاپتہ ہونے والے تین گوجر نوجوانوں میں سے ایک اور کی لاش اتوار کے روز برآمد کر لی گئی۔ موصولہ معلومات کے مطابق، محمد شوکت ولد محمد صادق بجاڑ، ساکن چھتا دوندہ، راجوری (فی الحال چندیاں پاجن، قاضی گنڈ میں مقیم) کی لاش آج صبح ویشو نالہ، مہہ اشموجی علاقے میں ملی۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ تین نوجوان—ریاض احمد بجاڑ، اس کا چھوٹا بھائی شوکت احمد بجاڑ اور ایک تیسرا شخص مختار احمدقاضی گنڈ سے لاپتہ ہوگئے تھے۔ ان کے رشتہ دار پچھلے ایک ماہ سے ان کی تلاش میں مصروف تھے اور انہوں نے مقامی پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔
تین روز قبل اسی نالہ سے ریاض احمد بجاڑکی لاش ملی تھی۔ تینوں نوجوان راجوری سے تعلق رکھتے تھے اور قاضی گنڈ میں مزدوری کرتے تھے۔
یہ نوجوان 13فروری کو اپنے ایک رشتہ دار کے گھر تقریب میں شرکت کے لیے اشموجی، کولگام کے لیے روانہ ہوئے تھے، تاہم وہ اپنی منزل تک پہنچنے سے پہلے ہی لاپتہ ہو گئے۔ ان کے موبائل فونز بھی گمشدگی کے دن سے بند ہیں۔
کولگام پولیس، ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کی جانب سے لاپتہ نوجوانوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ اب تک دو نوجوانوں نعشیں برآمد کی جا چکی ہیں جبکہ تیسرے لاپتہ نوجوان کی تلاش تاحال جاری ہے۔
کوگام میں لاپتہ ہونے والے تین نوجوانوں میں سے مزید ایک اور کی لاش برآمد، تیسرے کی تلاش جاری
