عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے گدر جنگلی علاقے میں پیر کی صبح شروع ہونے والے خونین تصادم میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے جبکہ فوج کا ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) سمیت تین اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے بعد ازاں دو اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھے ۔
ذرائع کے مطابق فوج، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کے مشترکہ دستے نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب گدر کے گھنے جنگلات کو محاصرے میں لے لیا۔ علی الصبح جب تلاشی کارروائی آگے بڑھائی گئی تو گھات لگا کر بیٹھے ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ ابتدائی فائرنگ میں جے سی او سمیت تین فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی فوجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ان میں سے دو جوان زخموں کی تاب نہ لا سکے اور جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک اہلکار زیر علاج ہے۔
جوابی کارروائی میں فورسز نے بھی بھرپور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے، جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں تاحال معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک شدہ ملی ٹینٹوں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
علاقے میں مزید ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر فوج کی اضافی کمک طلب کر لی گئی ہے۔ محاصرہ سخت کر دیا گیا ہے اور جنگلی علاقے میں ڈرون اور جدید نگرانی کے آلات کے ذریعے نظر رکھی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی پیرا کمانڈوز کو بھی آپریشن میں شامل کیا گیا ہے ۔
مقامی ذرائع کے مطابق جنگلی علاقے میں وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں جس سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ آس پاس کے دیہات میں نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی اور عام لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یکم اگست 2025 کو بھی کولگام کے اَکہال جنگلاتی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوںکے درمیان گیارہ روز تک انکاؤنٹر جاری رہا جس میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا تھا جبکہ دو فوجی جوان بھی شہید ہوئے تھے۔ اکہال، گدر اور دیگر جنگلاتی علاقے کولگام فارسٹ ڈویژن کے تحت آتے ہیں اور اکثر و بیشتر ملی ٹینٹ ان گھنے جنگلات کو اپنی پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔
کولگام انکاؤنٹر: دو ملی ٹینٹ ازجان، فوج کے دو اہلکار جاں بحق، آپریشن ہنوز جاری
