عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے گڈر جنگلاتی علاقے میں جاری انکائونٹر کے دوران ایک ملی ٹینٹ ہلاک جبکہ ایک جونیئر کمشنڈ افسر (جے سی او) زخمی ہوا ہے۔
فوجی ذرائع نے بتایا کہ کولگام انکائونٹر میں ایک عدم شناخت دہشت گرد ہلاک ہوا ہے جبکہ ایک کے سی او زخمی ہوا ہے جس کو علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
کشمیر زون پولیس نے ‘ایکس’ پر اس انکائونٹر کے متعلق جانکاری فراہم کرتے ہوئے ایک پوسٹ میں کہا کہ مصدقہ اطلاع پر کارروائی کے دوران کولگام کے گڈر علاقے میں انکائوٹر شروع ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر پولیس کا اسپیشل آپریشن گروپ، فوج اور سی آر پی ایف کام پر لگے ہوئے ہیں۔
قبل ازیں ذرائع نے بتایا کہ اطلاعات کے مطابق مصدقہ خفیہ اطلاع ملنے پر فوج، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس نے علی الصبح گڈر جنگل اور ملحقہ علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ تاہم اس دوران وہاں چھپے ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے جواب میں سیکورٹی اہلکاروں نے بھی مورچے سنبھال کر جوابی کارروائی کی۔ اس طرح طرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے سے جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سلامتی عملے نے فرار ہونے کے تمام ممکنہ راستوں کو سیل کر دیا ہے اور جنگل کے اندرونی حصوں میں خصوصی دستے تعینات کئے گئے ہیں تاکہ ملی ٹینٹوں کو محاصرے سے باہر نکلنے کا کوئی موقع نہ مل سکے۔
دفاعی ذرائع کے مطابق آپریشن میں جدید ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ تصادم کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔
واضح رہے کہ یکم اگست 2025 کو اسی ضلع کے اکھل جنگلاتی علاقے میں فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گیارہ روز تک انکاونٹر جاری رہا تھا جس دوران ایک ملی ٹینٹ ہلاک جبکہ دو فوجی جوان جاں بحق ہوئے تھے۔ اکھل اور گڈر علاقے کولگام جنگلاتی ڈویژن کے دائرے میں آتے ہیں۔