عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے گڈر جنگلاتی علاقے میں انسداد ملی ٹنسی آپریشن منگل کو دوسرے روز بھی جاری ہے۔حکام نے بتایا کہ کولگام کے گڈر جنگلاتی علاقے میں رات بھر کے وقفے کے بعد منگل کی صبح انسداد دہشت گردی آپریشن بحال ہوا۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں محاصرے کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ انکائونٹر پیر کی صبح اس وقت شروع ہوا تھا جب تلاشی کارروائیوں کے دوران وہاں چھپے دہشت گردوں نے فوجی اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی۔فوجی ذرائع کے مطابق اس انکائونٹر کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ دو فوجی جوان بھی ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔ذرائع سے معلوم ہوا کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر فوج کی اضافی کمک طلب کر لی گئی ہے۔ محاصرہ سخت کر دیا گیا ہے اور جنگلاتی علاقے میں ڈرون اور جدید نگرانی کے آلات کے ذریعے نظر رکھی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی پیرا کمانڈوز کو بھی آپریشن میں شامل کیا گیا ہے ۔
پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نلین پربھات نے گڈر میں انکاؤنٹر کی جگہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فوج کی قیادت میں مشترکہ آپریشن کی تعریف کی۔قابل ذکر ہے کہ یکم اگست 2025 کو بھی کولگام کے اَکھل جنگلاتی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان گیارہ روز تک انکاؤنٹر جاری رہا جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا تھا جبکہ دو فوجی جوان بھی شہید ہوئے تھے۔ اَکھل، گڈر اور دیگر جنگلاتی علاقے کولگام فارسٹ ڈویژن کے تحت آتے ہیں اور اکثر و بیشتر دہشت گرد ان گھنے جنگلات کو اپنی پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔
کولگام انکائونٹر: انسداد ملی ٹنسی آپریشن دوسرے روز بھی جاری
