عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/اننت ناگ ضلع کے ادہال علاقے سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان اتر پردیش کے جونپور میں پیش آئے افسوسناک سڑک حادثے میں جاں بحق ہو گیا۔مرحوم کی شناخت ظہور احمد ملک ولد محمد سلیم ساکن ادھال، کوکرناگ کے طور پر ہوئی ہے۔اہلِ خانہ نے بتایا کہ انہیں منگل کی شب یہ دل دہلا دینے والی خبر موصول ہوئی، جس سے پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ظہور کی میت کو جلد از جلد کشمیر منتقل کرنے میں مدد فراہم کی جائے۔اسی دوران، جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے جاری ایک بیان میں اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔
بیان میں کہا گیااتر پردیش سے دل دہلا دینے والی خبر موصول ہوئی ہے۔ ظہور احمد ملک ایک المناک سڑک حادثے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ان کا خاندان غم میں مبتلا ہے اور میت کو کشمیرواپس لانے کے لیے فوری مدد درکار ہے تاکہ آخری رسومات عزت و احترام کے ساتھ ادا کی جا سکیں۔ایسوسی ایشن نے جموں و کشمیر وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو اتر پردیش انتظامیہ کے ساتھ اٹھائیں اور سوگوار خاندان کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔
اتر پردیش میں سڑک حادثے میں کوکرناگ کا نوجوان جاں بحق، نعش کی واپسی میں مدد کی اپیل