عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/منشیات کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کی مسلسل کوششوں کے تحت، ضلع پولیس کشتواڑ نے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کو پبلک سیفٹی ایکٹ (PITNDPS) کے تحت گرفتار کر کے ضلعی جیل ادھمپور میں بند کر دیا ہے۔
ایس ایس پی کشتواڑ شری نریش سنگھ (جے کے پی ایس) نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم عمران حسین گیری ولد غلام نبی گیری، ساکن ماچھگاڑی پوچھل، تحصیل و ضلع کشتواڑ، کو نوجوانوں کو منشیات فراہم کرنے والے ایک اہم سپلائر کے طور پر شناخت کیا گیا۔ تحقیقات کے دوران اس کے منشیات کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے کئی واقعات سامنے آئے، جس کی بنیاد پر اس کے خلاف پی ایس اے کے تحت کارروائی کی گئی تاکہ اس کی سرگرمیوں پر روک لگائی جا سکے اور نوجوان نسل کے مستقبل کو بچایا جا سکے۔
ایس ایس پی کشتواڑ نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر پولیس ضلع میں منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں اور حساس علاقوں میں بیداری مہم بھی باقاعدگی سے چلائی جا رہی ہے تاکہ منشیات کے استعمال کو روکا جا سکے۔
عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ یا اس کے استعمال سے متعلق کوئی بھی اطلاع درج ذیل ہیلپ لائن نمبرز پر فراہم کریں: 9906154100 اور 9103454100۔ اس کے علاوہ کشتواڑ پولیس کے آفیشل فیس بک اور ٹوئٹر ہینڈلز پر بھی اطلاع دی جا سکتی ہے۔ اطلاع دینے والے افراد کی شناخت کو مکمل رازداری میں رکھا جائے گا۔
کشتواڑ پولیس نے بدنام زمانہ منشیات فروش کوپی ایس اے کے تحت گرفتار کیا
