عاصف بٹ
کشتواڑ// کشتواڑ پولیس نے ضلع کشتواڑ کے دچھن علاقے میں غیر قانونی طور پر مقیم روہنگیائی شہریوں کے خلاف کریک ڈاون شروع کیا ہے۔
پولیس نے اس سلسلے میں آئی پی سی کی دفعہ 420، 467، 468، 471 کے تحت پولیس تھانہ دچھن میں ایک مقدمہ ایف آئی آر زیرنمبر 22/2023 درج کیا ہے۔
ایس ایس پی کشتواڑ خلیل پوسوال نے بتایا کہ تحقیقات سے پتہ چلا کہ روہنگیائی افراد نے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، راشن کارڈ، آدھار کارڈ اور ووٹر کارڈ جیسی دستاویزات غیر قانونی طور پر حاصل کیں ہیں۔ دوران تفتیش پولیس نے گھر گھر تلاشی لی اور مجرمانہ مواد برآمد کیا جو کہ ثبوت کے طور پر قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ یہ چھاپے غلام محمد شیخ ولد عبداللہ شیخ ساکنہ کروسا سوندر دچھن ،مشتاق احمد ولد دلاور شیخ ساکنہ کروسا سوندر دچھن ، شاہنواز ولد غلام حسن ماگرے ساکنہ دچھن، فیاض احمد چوپان ولد غلام احمد ساکنہ دچھن کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ کشتواڑ پولیس قانون کو برقرار رکھنے اور اس کیس سے متعلق تمام شواہد کی مکمل جانچ کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ کریک ڈاون کا مقصد روہنگیا کی غیر قانونی آباد کاری اور ان کے حق میں مزید جعلی دستاویزات حاصل کرنے کے گٹھ جوڑ کو بے نقاب کرنا ہے۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا تھا جب دچھن میں روہنگیائی خاتون کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ علاقے کے تحصیلدار نے جاری کی تھی جس کے بعد پولیس نے اس معاملے میں مقدمہ درج کیاتھا۔