عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/دنیا بھر میں مشہور اسکائی ریزورٹ گلمرگ، شمالی کشمیر میں آج 5ویں کھیلو انڈیا ونٹر گیمز 2025 کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوا۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ ایونٹ کے محفوظ، شفاف اور کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سخت سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے کھلاڑی اور آفیشلز ان کھیلوں میں شرکت کر رہے ہیں، جبکہ جموں و کشمیر پولیس، نیم فوجی دستے سی آر پی ایف اور دیگر سیکیورٹی ایجنسیاں گلمرگ کے اطراف و اکناف میں ایک جامع سیکیورٹی منصوبے کے تحت تعینات ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اس سلسلے میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل (DIG) پولیس، مقصود الزمان نے پہلے ہی ایک اعلیٰ سطحی سیکیورٹی اجلاس کی صدارت کی تھی، جس میں سخت رسائی کنٹرول، CCTVنگرانی، تخریبی سرگرمیوں کی روک تھام کے معائنے اور اہم مقامات، رہائشی سہولیات اور آمد و رفت کے راستوں پر مسلسل گشت کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی تھی۔
ڈپٹی کمشنر بارہمولہ، منگا شیرپا نےبتایا کہ تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، اور انہیں یقین ہے کہ یہ ایونٹ گزشتہ ایڈیشنز کی طرح کامیابی سے منعقد ہوگا۔
شرکاء اور زائرین کی آسان نقل و حرکت اور ٹریفک کے منظم بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے بارہمولہ پولیس، ٹریفک ڈیپارٹمنٹ اور مقامی انتظامیہ نے ایک جامع ٹریفک مینجمنٹ پلان بھی مرتب کیا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ عظیم الشان کھیلوں کا ایونٹ، جو پہلے 22 سے 25 فروری تک منعقد ہونا تھا،فروات اور باؤل کی اہم اسکی ڈھلوانوں پر برف کی ناکافی مقدار کے باعث ملتوی کر دیا گیا تھا، جس کی وجہ سے سکیئنگ اور دیگر مقابلے ممکن نہیں ہو سکتے تھے۔
ان کھیلوں میں 800 سے زائد شرکاءحصہ لے رہے ہیں، جن میں 650 تکنیکی عملہ، نمائندے اور مقامی کھلاڑی شامل ہیں۔ شرکاء چار مختلف کھیلوں (الپائن سکیئنگ، نارڈک سکیئنگ، اسکی ماؤنٹینئرنگ، اور اسنو بورڈنگ) میں مقابلہ کریں گے۔
یہ بھی یاد رہے کہ ان کھیلوں کا پہلا مرحلہ 23 سے 27 جنوری تک لداخ میں کامیابی سے منعقد ہوا تھا، جہاں *
این ڈی ایس اسپورٹس کمپلیکس اور گُپھُک پاؤنڈ میں آئس ہاکی اور آئس اسکیٹنگ کے مقابلے منعقد کیے گئے تھے۔