عظمیٰ ویب ڈیسک
کرگل/سینئر بی جے پی رہنما اور جموں و کشمیر کے سابق نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے جمعہ کے روز لداخ یونین ٹیریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر کے طور پر حلف اٹھایا۔انہیں جموں و کشمیر و لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس ارون پالی نے راج بھون لداخ میں منعقدہ ایک تقریب میں حلف دلایا۔تقریب میں سی ای سی ایل اے ایچ ڈی سی کرگل، سی ای سی ایل اے ایچ ڈی سیلہہ، رکن پارلیمان لداخ، چیف سیکریٹری لداخ، تمام انتظامی سیکریٹریز اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
صدر جمہوریہ ہند نے پیر کے روز کویندر گپتا کو لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کے طور پر مقرر کیا تھا۔ یہ تقرری بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) ڈاکٹر بی ڈی مشرا کے استعفے کے بعد عمل میں آئی، جنہوں نے فروری 2023 میں لداخ کے ایل جی کا عہدہ سنبھالا تھا۔
صدر جمہوریہ کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکاری اعلامیے میں کویندر گپتا کی بطور نئے لیفٹیننٹ گورنر لداخ تقرری کا اعلان کیا گیا۔یہ تقرری وزارت داخلہ اور لداخ کے رہنماؤں کے درمیان آئندہ ہفتے متوقع مذاکرات سے قبل عمل میں آئی ہے۔ لداخ کے رہنما 6ویں شیڈول کا درجہ، بااختیار ریاستی درجہ، اور لہہ و کرگل کے لیے الگ لوک سبھا نشستوں کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
کویندر گپتا لداخ یو ٹی کے تیسرے لیفٹیننٹ گورنر ہوں گے، جو 2019 میں جموں و کشمیر کی سابق ریاست سے علیحدہ کر کے بنایا گیا تھا۔وہ 2018 میں پی ڈی پی-بی جے پی مخلوط حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ، جموں و کشمیر اسمبلی کے اسپیکر، اور جموں میونسپل کارپوریشن کے میئر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
کویندر گپتا نے بطور لیفٹیننٹ گورنر لداخ حلف اٹھایا
