عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے گھٹی جوتھانہ جنگلاتی علاقے میں جاری ملی ٹنسی مخالف آپریشن کے دوران ممکنہ طور پر 5 ملی ٹنٹ ہلاک جبکہ 4 پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کی صبح سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان دوبارہ آمنا سامنا ہوا اور تصادم چھڑ گیا۔انہوں نے کہا, ‘ممکنہ طور پر اس آپریشن کے دوران پانچ ملی ٹنٹ ہلاک جبکہ 4 پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے ہیں’۔ان کا کہنا ہے, ‘اس دوران ایک ڈی ایس پی اور ایک پیرا کمانڈو سمیت 5 اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں’۔
ذرائع نے بتایا, ‘ہلاک شدہ 5 ملی ٹنٹوں کا تعلق جیش محمد کی ذیلی تنظیم پیپلز اینٹی فاشسٹ فرنٹ سے ہے’۔
انہوں نے کہا کہ طرفین کے درمیان رک رک کر فارئرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ اس انکاؤنٹر کے دوران گذشتہ روز تین ملی ٹنٹ ہلاک جبکہ تین پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے تھے جن کی شناخت ہم بلوندر سنگھ چب، جسونت سنگھ اور طارق احمد کے طور پر ہوئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کی صبح روشنی کی پہلی کرن کے ساتھ ہی تلاشی آپریشن پارٹیوں نے علاقے میں وسیع پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران طرفین کے درمیان ایک بار پھر آمنا سامنا ہوا اور رک رک کر فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا۔
جمعرات کی صبح کٹھوعہ کے گھٹی جوتھانہ جنگلاتی علاقے میں تلاشی آپریشن کے دوران ملی ٹینٹوں اور فورسز کے درمیان اچانک فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے ساتھ ہی فوج ، بی ایس ایف اور پولیس کے اضافی دستوں کو اس جنگلاتی علاقے کی طرف روانہ کیا گیا تھا تاکہ ملی ٹینٹوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہ ہو سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز کے دستوں نے کئی کلومیٹر جنگلی علاقے کو پوری طرح سے سیل کردیا ہے۔دفاعی ذرائع کے مطابق ملی ٹینٹوں کو انجام تک پہنچانے کی خاطر جدید ٹیکنالوجی کو بھی بروئے کار لایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹروں، کواڈ کاپٹروں اور ڈرون کیمروں کی مدد سے جنگلی علاقے پر نظر گذر رکھی جارہی ہے۔
دریں اثنا فوج کی رائزنگ ا سٹار کور نے اس انکاؤنٹر کے دوران جاں بحق ہونے والے پولیس جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
انہوں نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘رائزنگ اسٹار کور جموں و کشمیر پولیس کے ان اہلکاروں کی بہادری اور ان کے ناقابل تسخیر جذبے کو سلام پیش کرتا ہے جنہوں نے کٹھوعہ میں آپریشن سیفیان کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔
دریں اثنا جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کٹھوعہ آپریشن:ممکنہ طور پر 5 ملی ٹنٹ ہلاک،4 پولیس اہلکار جاں بحق، آپریشن جاری
