نئی دہلی// مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے اعلان کیا ہے کہ جموں اور وادی کشمیر کے درمیان ٹرین سروس کا خواب جلد ہی پورا ہونے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ انجینئرنگ کی ایک عظیم مثال اور عزم و استقامت کا مظہر ہے، جو مشکل جغرافیائی اور موسمی حالات کا سخت مقابلہ کرتا ہے۔
چنئی میں امرت بھارت ٹرین کے نئے کوچز اور دیگر منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر نے میڈیا کو بتایا کہ 111 کلومیٹر پر مشتمل اس ریلوے لائن کا 97 کلومیٹر حصہ ٹنلوں اور 6 کلومیٹر پلوں پر مشتمل ہے، جسے جدید انجینئرنگ کے ذریعے مکمل کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمشنر آف ریلوے سیفٹی (CRS) کا معائنہ مکمل ہو چکا ہے اور رپورٹ موصول ہوتے ہی ٹرین سروس شروع کر دی جائے گی۔
اشونی ویشنو نے انکشاف کیا کہ اس منصوبے کے لیے ایک خصوصی وندے بھارت ٹرین بھی تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے سخت موسمی حالات، جن میں درجہ حرارت منفی 10 سے منفی 20 ڈگری تک گر سکتا ہے، کو مدنظر رکھتے ہوئے اس ٹرین کو خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ ٹرین بجلی کی لائنوں، الیکٹرانکس، اور پہیوں سے جڑے مسائل کو حل کرنے کے لیے جدید تکنیکی سہولیات سے لیس ہے۔
وزیر نے کہا کہ “تمام تیاریاں مکمل ہیں اور بھارت کا یہ خواب جلد حقیقت میں بدلنے والا ہے”۔
اس کے علاوہ 8 اور 9 جنوری کو کمشنر آف ریلوے سیفٹی کے معائنے کے دوران اودھم پور-سرینگر-بارہمولہ ریلوے لنک (USBRL) کے کٹڑہ-بانہال سیکشن پر کامیاب سپیڈ ٹرائل کیا گیا۔
کٹرا-بانہال سیکشن USBRL منصوبے کا اہم حصہ ہے، جو جموں ریجن اور وادی کشمیر کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنائے گا۔ اس سیکشن میں دنیا کا سب سے اونچا ریلوے پل، چناب پل، جدید سرنگیں، اور حفاظتی سہولیات شامل ہیں، جو اس منصوبے کو ایک انجینئرنگ کا شاہکار بناتی ہیں۔
کشمیر ریل سروس جلد شروع ہوگی: اشونی ویشنو
