عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/شمالی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں رواں سیزن میں شبانہ درجہ حرارت پہلی بار نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈ ہوا ہے اور اب تک کی سرد ترین رات درج ہوئی ہے۔کشمیر کو مرکزی زیر انتظام علاقہ لداخ کے ساتھ جوڑنے والے زوجیلا پاس پر کم سے کم درجہ حرارت منفی8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے اور اس طرح رواں سیزن میں پہلی بار درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ گلمرگ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران37.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔وسطی کشمیر میں واقع ایک اور مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا ہے۔
پہلگام میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران52. 6 ملی میٹر بارش اور 3 سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 7.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جو معمول سے 1.9 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا ہے۔
سری نگر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران24.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جہاں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران22.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جہاں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 70.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے.
کشمیر ویدر کے مطابق جموں وکشمیر میں 7 اکتوبر کو موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ چند مقامات پر جن میں کشتواڑ، ڈوڈہ، اننت ناگ، رام بن، اودھم پور، اور کٹھوعہ اضلاع کے کچھ حصے شامل ہیں، میں دوپہر تک ہلکی بارشیں جاری رہ سکتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ چند مقامات پر ہلکی بارش کے امکان کے علاوہ، 20 اکتوبر تک جموں و کشمیر میں موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
کشمیر: گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈ
