سرینگر// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کشمیری شال فروشوں کی سلامتی اور بہبود کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ان کے مطابق، کشمیری تاجروں کو ہماچل پردیش کے ضلع بیلاسپور میں دائیں بازو کے گروہوں کی جانب سے ہراسانی، حملوں اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ ایسے واقعات کشمیری عوام کو مزید مرکزی دھارے سے دور کر دیں گے اور جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش کے وزرائے اعلیٰ سے فوری مداخلت کی اپیل کی۔
محبوبہ مفتی نے اپنے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پوسٹ میں کہا، “کشمیری شال فروشوں کو ہماچل پردیش کے بیلاسپور ضلع میں ہراسانی، حملوں اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مناسب دستاویزات کے باوجود انہیں کاروبار کرنے سے روکا جا رہا ہے اور وہاں سے نکالا جا رہا ہے”۔
انہوں نے مزید لکھا، “یہ تیسرا ایسا واقعہ ہے، جو کشمیری تاجروں کے خلاف ایک تشویشناک رجحان کو اجاگر کرتا ہے”۔
محبوبہ مفتی نے اس صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “کشمیری عوام کو اس طرح الگ تھلگ کرنے سے وہ مزید دور ہو جائیں گے۔ میں وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر عمرعبداللہ اور وزیر اعلیٰ ہماچل پردیش سکھویندر سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ مداخلت کریں اور ان تاجروں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کریں”۔
کشمیری شال فروشوں کو ہماچل پردیش میں دھمکیوں اور ہراسانی کا سامنا: محبوبہ مفتی
