عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سرینگر سے رکن پارلیمان آغا سید روح اللہ مہدی نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو ایک خط لکھ کر سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ کی بگڑتی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے وزیر داخلہ سے اپیل کی ہے کہ شبیر شاہ کو وقار کے ساتھ مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
امت شاہ کو لکھے گئے خط میں روح اللہ مہدی نے واضح کیا کہ شبیر احمد شاہ کو کئی سنگین طبی مسائل لاحق ہیں، جن میں پروسٹیٹ کینسر شامل ہے، جس کے لیے ڈاکٹروں نے تین سرجریاں تجویز کی ہیں۔
انہوں نے خط میں لکھا، ’’شبیر احمد شاہ اس وقت 70 برس کے ہو چکے ہیں۔ ہر انسانی اور قانونی اصول کے تحت وہ باعزت اور مناسب علاج کے حق دار ہیں۔ ان کی حالت نہایت نازک ہے، اس کے باوجود وہ 2017 سے زیرِ حراست ہیں اور انہیں اہل خانہ کی حمایت بھی حاصل نہیں ہے۔ یکم مئی 2025 کو صفدرجنگ اسپتال میں طبی معائنے کے دوران ان کے اہلِ خانہ نے الزام لگایا کہ انہیں ہمراہ افسران کی جانب سے ہراسانی اور توہین آمیز سلوک کا سامنا کرنا پڑا، اور ان کے طبی ریکارڈز تک رسائی بھی روک دی گئی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے آئین اور بین الاقوامی معاہدوں کے تحت قیدیوں کے ساتھ انسانی سلوک کی ضمانت دی گئی ہے۔ ’’بین الاقوامی معاہدہ برائے شہری و سیاسی حقوق (ICCPR) کی شق 10(1)، جس کا بھارت بھی فریق ہے، کہتی ہے کہ قیدیوں کے ساتھ انسانی سلوک کیا جائے اور ان کی شخصی عزت کا احترام کیا جائے۔ نیلسن منڈیلا قواعد (قواعد 24 اور 26) کے مطابق قیدیوں کو عام شہریوں کے مساوی طبی سہولیات حاصل ہونی چاہئیں۔ شبیر شاہ کے معاملے میں یہ اصول واضح طور پر نظرانداز کیے جا رہے ہیں۔‘‘
خط میں انہوں نے کہا کہ ملک کی عدالتوں میں ایسے کئی فیصلے موجود ہیں جن میں زیر سماعت قیدیوں کو انسانی بنیادوں پر علاج کی اجازت دی گئی، جیسے کہ ظہور وٹالی اور گوتم نولکھا کو ان کی صحت کے پیش نظر گھر پر نظر بند کیا گیا۔ ’’ایسے میں کیا یہ سوال نہیں بنتا کہ شبیر شاہ، جو تاحال ایک زیرِ سماعت قیدی ہیں، کو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے محروم کیوں رکھا جا رہا ہے؟‘‘
روح اللہ مہدی نے آخر میں اپیل کی کہ شبیر شاہ کو ایک ایسے اسپتال میں منتقل کیا جائے جو کینسر کے علاج کی مکمل سہولیات رکھتا ہو تاکہ ان کا وقار کے ساتھ علاج ممکن ہو سکے۔ انہوں نے خط میں لکھا، ’’ایک قوم کی عظمت کا پیمانہ یہی ہے کہ وہ اپنے کمزور ترین افراد کے ساتھ کیسا سلوک کرتی ہے۔ ہمیں اس امتحان میں ناکام نہیں ہونا چاہیے۔‘‘
رکن پارلیمان روح اللہ کا وزیرداخلہ امت شاہ کو خط، شبیر شاہ کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ
