سرینگر// وادی کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں سخت سردی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں جمعہ کے روز کئی مقامات پر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈ کیا گیا۔
شوپیاں وادی کا سرد ترین مقام رہا، جہاں درجہ حرارت منفی 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ لارنو منفی 8.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور اننت ناگ منفی 7.7 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ شدید سردی کی لپیٹ میں رہے۔
اسی طرح کھڈوانی، کولگام اور پلوامہ میں درجہ حرارت بالترتیب منفی 7.1 ڈگری سینٹی گریڈ، منفی 6.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 6.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سرینگر میں کم از کم درجہ حرارت منفی 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جبکہ کپواڑہ میں منفی 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت درج ہوا۔
مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں پارہ منفی 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جبکہ کوکرناگ اور بارہمولہ میں بالترتیب منفی 5.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
جموں خطے میں سردی کی شدت نسبتاً کم رہی۔ جموں شہر میں کم از کم درجہ حرارت 7.3 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جبکہ کٹرا میں درجہ حرارت 11.0 ڈگری سینٹی گریڈ پر ریکارڈ ہوا۔ تاہم، خطے کے کچھ مقامات جیسے پڈر میں درجہ حرارت منفی 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ پر پہنچ گیا، جبکہ بانہال اور بھدرواہ میں بالترتیب 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور 2.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ اودھم پور اور سانبہ میں درجہ حرارت بالترتیب 7.3 ڈگری سینٹی گریڈ اور 6.1 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جبکہ پونچھ اور کٹھوعہ میں درجہ حرارت بالترتیب 8.1 ڈگری سینٹی گریڈ اور 9.1 ڈگری سینٹی گریڈ درج ہوا۔
لداخ خطے میں سردی کی شدت مزید بڑھ گئی جس دوران دراس سب سے سرد مقام رہا، جہاں درجہ حرارت منفی 8.6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ کرگل میں منفی 6.9 ڈگری سینٹی گریڈ اور لیہہ میں منفی 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا۔
اسی بیچ محکمہ موسمیات نے 4 سے 6 جنوری تک ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری اور بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
کشمیر اور لداخ میں شدید سردی، شوپیاں منفی 8.5 کے ساتھ سرد ترین مقام
