عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری کا کہنا ہے کہ شری امرناتھ جی یاترا بھائی چارے کو مزید مضبوط کرنے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔انہوں نے یاتریوں سے اپیل کی کہ وہ بابا بولے ناتھ جی کے درشن کے ساتھ ساتھ وادی کی قدرتی خوبصورتی سے بھی لطف اٹھائیں۔
نائب وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز بانہال میں یاتریوں کے پہلے جتھے کا استقبال کرنے کے موقع پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہاآج ہم یہاں شری امرناتھ جی یاترا کے لئے یاتریوں کے پہلے جتھے کا استقبال کرنے کے لئے یہاں آئے ہیں، جموں و کشمیر جو ملک و دنیا بھر میں مہمان نوازی کے لئے مشہور ہے، نے ہمیشہ یاتریوں کا شاندار استقبال کیا ہے۔ان کا کہنا تھاجموں و کشمیر حکومت کی کوشش یہی ہے کہ یاتریوں کو کوئی تکلیف نہ ہو اس کے لئے سول انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز نے تمام تر انتظامات کئے ہیں۔
چودھری نے کہا کہ یہ یاتری ہمارے مہمان ہیں، وہ اپنے گھر چھوڑ کے آئے ہیں، وہ یہ محسوس کریں کہ جموں وکشمیر ان کا بھی گھر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح جموں و کشمیر میں لوگوں نے بلا لحاظ مسلک و مذہب یاتریوں کا استقبال کیا اور ایک مثال قائم کی کہ جموں و کشمیر جس مہمان نوازی کے لئے دنیا بھر میں مشہور ہے وہ ابھی بھی زندہ ہے۔
یاتریوں سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں آنے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ہماری یاتریوں سے اپیل ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں آئیں اور بابا بولے ناتھ کے درشن کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر کی خوبصورتی کا بھی لطف اٹھائیں اور یہاں کے سیاحتی مقامات کا بھی دورہ کریں۔
قابل ذکر ہے کہ منوج سنہا نے بدھ کی صبح بھگوتی نگر بیس کمیپ سے شری امرناتھ جی یاترا کے لئے یاتریوں کے پہلے قافلے کو روانہ کیا۔امسال 3 جولائی سے شروع ہونے والی 38 دنوں پر محیط یہ یاترا 9 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔
مہمان نوازی میں مشہور کشمیر نے ہمیشہ یاتریوں کا شاندار استقبال کیا: سریندر چودھری
