سرینگر //پکنک جانے سے پہلے اجازت نامہ لینے کے فیصلہ پر نظر ثانی کی جائے گی کی بات کرتے ہوئے ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے کہا کہ محکمہ طلباء کی آسائش کیلئے ہر سہولیات بہم رکھنے کا وعدہ بند ہے ۔ایک اہم پیش رفت میںاسکول ایجوکیشن محکمہ اسکول پکنک منعقد کرنے کیلئے حکام سے اجازت لینے کے لیے لیے گئے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے گا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے کہا کہ وہ اسکولوں کیلئے پکنک کی اجازت لینے کیلئے پہلے کیے گئے فیصلے کا جائزہ لیں گے۔انہوں نے کہا ’’ ہم اس کا جائزہ لیں گے۔ مجھے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اسکولوں کو اپنے متعلقہ افسران سے طلباء کو پکنک پر لے جانے کی اجازت لینے میں مشکلات کا سامنا ہے‘‘۔
خیال رہے کہ ایس ای ڈی نے اس سال اپریل میں اسکولوں پر اختتام ہفتہ اور تعطیلات پر طلباء کو پکنک پر لے جانے پر پابندی عائد کردی تھی۔ اسکولوں سے کہا گیا کہ وہ طے شدہ سفر سے کم از کم 10 دن پہلے والدین سے رضامندی حاصل کریں۔اس کے علاوہ، محکمہ نے اسکولوں کیلئے کچھ ایس او پیز جاری کیے جن پر عمل کیا جائے تاکہ طلبہ کو پکنک پر لے جایا جائے۔
ایس او پیز کے مطابق ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کو متعلقہ چیف ایجوکیشن آفیسر (سی ای او) سے لازمی طور پر اجازت لینے کی ہدایت کی گئی تھی جبکہ پرائمری اور مڈل اسکولوں کو متعلقہ زونل ایجوکیشن آفیسران سے اجازت لینے کو کہا گیا تھا۔
ایس او پیز ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر (ڈی ایس ای کے) کی طرف سے ڈگری کالج کی بس کے المناک سڑک حادثے کے پیش نظر جاری کیے گئے تھے جس میں پکنک کے لیے سوگام سے پہلگام جاتے ہوئے طلباء کی موت ہو گئی تھی اور 25 زخمی ہو گئے تھے۔تاہم، متعدد اسکولوں نے شکایت کی کہ متعلقہ افسران اسکولوں کو طلباء کو پکنک پر لے جانے کی اجازت دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
سکول پکنک کیلئے اجازت لینے کی ضرورت کے فیصلہ پر نظر ثانی کی جائے گی :ناظم تعلیم کشمیر
