عظمیٰ ویب ڈیسک
کرناہ// 12 میگاواٹ بجلی پروجیکٹ کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے، تاہم حالیہ شدید بارشوں نے منصوبے کی پیش رفت میں رکاوٹیں پیدا کر دی ہیں۔ مختلف مقامات پر اہم ڈھانچوں میں دراڑیں پڑنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ بنیادی انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا ہے، جس سے تعمیراتی عمل مزید چیلنجز کا شکار ہو گیا ہے۔معلوم رہے کہ اس پروجیکٹ کی تعمیر کام Angelique international lmitedکے زمہ ہے اور پروجیکٹ کو کمیشن کرنے کا منصوبہ جون جولائی 2025مقرر کیا گیا ہے تاہم ذرائع نے بتایا کہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں پروجیکٹ کے سرج شافٹ سے نیو ڈلیور ہاؤس تک سول اسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ سرج شافٹ/والو ہاؤس کی حفاظتی دیوار بھی متاثر ہوئی ہے۔ ہیڈ ورکس پر ٹرنل وئیر کو شدید نقصان پہنچا ہے، جبکہ مختلف مقامات پر پاور کیبلز کی تباہی بھی رپورٹ ہوئی ہے۔ مزید برآں، سرج شافٹ سے ہیڈ ورکس تک لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے، جس سے نقل و حمل میں مشکلات درپیش ہیں۔ اس کے علاوہ، ایچ آر پی لائن بھی کئی مقامات پر متاثر ہوئی ہے، جس سے منصوبے کی بروقت تکمیل خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ نقصان کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے اور جلد ہی متاثرہ علاقوں میں مرمتی کام کا آغاز کیا جائے گا تاکہ منصوبے میں غیر ضروری تاخیر سے بچا جا سکے۔ مقامی آبادی نے بھی حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ ڈھانچوں کی فوری بحالی کے اقدامات کریں تاکہ منصوبے کی تکمیل میں مزید رکاوٹیں نہ آئیں اور عوام کو بروقت بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔