اشفاق سعید
کرناہ// لائن آف کنٹرول سے متصل کرناہ کا علاقہ ایک ایک بار پھر شدید کشیدگی کا شکار ہو گیا، جہاں گزشتہ رات گولہ باری کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ بٹ پورہ، تربونی، اور ٹنگڈار کے مارکٹ میں کم از کم دو درجن رہائشی مکانات مکمل طور پر خاکستر ہو گئے ہیں جبکہ سو سے زائد گھروں اور دکانوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
رات بھر جاری رہنے والی گولہ باری نے مقامی آبادی کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا۔ لوگ اپنے اہل خانہ سمیت زیر زمین بنکروں میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔ خاص طور پر بچوں میں شدید خوف دیکھا گیا۔ کئی ماؤں نے شکایت کی ہے کہ بنکروں میں دودھ کی عدم دستیابی کے باعث بچے مسلسل روتے اور بھوکے رہے۔
علاقے میں افرا تفری کا عالم رہا، اور صبح کے وقت گلی کوچوں میں ملبہ بکھرا ہوا پایا گیا۔ اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ روزمرہ کی سرگرمیاں مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں۔ بٹ پورہ میں متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں، اور کئی مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر رات کا وقت نہیں ہوتا تو کافی جانی نقصان ہو سکتا تھا ۔انہوں نے کہا کہ ہر طرف سے افراتفری کا ماحول تھا ۔
ہندوپاک کشیدگی کی بھینٹ چڑھا کرناہ ،درجنوں مکانات راکھ کی ڈھیر میں تبدیل لوگ زیر زمین بنکروں میں محصور
