عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر//جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) نے اتوار کو جونیئر انجینئر (الیکٹریکل) کے عہدہ کے لئے او ایم آر پر مبنی امتحان منسوخ کر دیا جو آج منعقد ہونا تھا۔
جے کے ایس ایس بی نے ایک حکم میں کہا کہ جونیئر انجینئر (الیکٹریکل، پاور ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ) کی اسامیوں کے لیے او ایم آر پر مبنی تحریری امتحان 24.08.2025 کو صبح 11:00 بجے سے جموں اور کشمیر کے جموں اور سری نگر اضلاع کے 35 امتحانی مقامات پر منعقد ہونا تھا۔
تاہم بورڈ نے کہا کہ موسم سے متعلقہ ضروریات کی وجہ سے امتحانات کے اوقات صبح 11:00 بجے سے دوپہر 12:00 بجے تک مقرر کیے گئے تھے۔
اس میں لکھا گیا ہے”امتحان کامیابی کے ساتھ 34 مقامات پر منعقد کیا گیا تھا، لیکن ایک مقام پر منعقد نہیں کیا جا سکا”۔
جے کے ایس ایس بی نے کہا “مذکورہ بالا کو دیکھتے ہوئے، بورڈ کی طرف سے جونیئر انجینئر (الیکٹریکل)، پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی اسامیوں کے لیے 24.08.2025 کو منعقد ہونے والے OMR پر مبنی امتحان کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اسے نئے سرے سے لیا جائے گا”۔
اس نے یہ بھی کہا کہ مذکورہ امتحان کے انعقاد کی تازہ تاریخوں کو الگ سے مطلع کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ ایک ویڈیو جس میں مبینہ طور پر جے ای الیکٹریکل پوسٹ کا سوالیہ پیپر امتحانات کے اختتام سے قبل لیک ہوتے دکھایا گیا ہے، سوشل میڈیا پر منظر عام پر آیا جس نے امتحانی مراکز میں سے ایک میں احتجاج کو جنم دیا۔