ایم شفیع میر
جموں/جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (JKSSB) نے یونین ٹیریٹری بھر میں محکمہ صحت و طبی تعلیم میں 621 اسامیوں کو پُر کرنے کے لیے ایک اشتہار جاری کر دیا ہے۔جاری کردہ اشتہاری نوٹیفکیشن کے مطابق، جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کو محکمہ صحت و طبی تعلیم سے براہ راست بھرتی کے تحت مختلف اسامیوں کے لیے درخواست موصول ہوئی ہے۔ ان اسامیوں پر تقرری کا عمل مکمل طور پر براہ راست بھرتی کے ذریعے کیا جائے گا۔
اشتہار کے مطابق، اہل امیدواروں سے آن لائن درخواستیں 5 اگست 2025 سے طلب کی جائیں گی، جبکہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 3 ستمبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔ اسامی وار تفصیلات، اہلیت کے معیار، اور دیگر شرائط و ضوابط کے بارے میں معلومات بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ [www.jkssb.nic.in](http://www.jkssb.nic.in) پر دستیاب ہوں گی۔
اس موقع پر محکمہ صحت کی وزیر سکینہ ایتو نے سماجی رابطہ گاہ ’’ایکس‘‘پر اپنے ایک پیغام میں کہا’’ وزیر اعلیٰ کے وژن کے تحت صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے ہم خوشی کے ساتھ محکمہ صحت و طبی تعلیم میں 621 آسامیوں کے اشتہار کا اعلان کر رہے ہیں۔یہ اقدام نہ صرف جموں و کشمیر میں صحت کی سہولیات کو فروغ دے گا بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔
انھوں نے کہا یہ فیصلہ نہ صرف ریاست میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کی سمت میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا، بلکہ اس سے نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ ان اسامیوں میں مختلف میڈیکل، پیرا میڈیکل، نرسنگ، اور دیگر تکنیکی و غیر تکنیکی شعبوں سے متعلق عہدے شامل ہیں، جنہیں شفاف اور میرٹ پر مبنی عمل کے ذریعے پُر کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا حکومت پرعزم ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید اصلاحات اور اقدامات کے ذریعے صحت کے شعبے کو مزید مستحکم بنایا جائے گا تاکہ عوام کو معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔
جے کے ایس ایس بی نے محکمہ صحت و طبی تعلیم میں 621 اسامیوں کا اعلان کر دیا
