عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سری نگر امتیاز حسین نے نئے فوجداری قوانین کے متعلق عوامی جانکاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مقصد انصاف اور شفافیت کو یقینی بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعزیرات ہند سے انڈین جسٹس کوڈ میں تبدیلی سزا سے انصاف کی طرف منتقلی کی نشاندہی کرتی ہے۔
موصوف ایس ایس پی نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نئے فوجداری قوانین پر منعقدہ ایک پروگرام کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘ہمارا مقصد لوگوں تک نئے فوجداری قوانین کے متعلق جانکاری پہنچانا ہے اور حکومت قانونی نظام کو مزید شفاف، جوابدہ، اور شہریوں پر مرکوز بنانے کے لئے پر عزم ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘ پہلے یہاں انڈین پینل کوڈ تھا جو اب بھارتیہ نیائے کوڈ میں تبدیل ہوا ہے، پینل کا معنی سزا ہے جبکہ نیائے کے معنی انصاف ہے’۔انہوں نے کہا کہ تعزیرات ہند سے انڈین جسٹس کوڈ میں تبدیلی سزا سے انصاف کی طرف منتقلی کی نشاندہی کرتی ہے۔
امتیاز حسین نے کہا کہ یہ تبدیلی نوآبادیاتی قانونی فریم ورک سے جمہوری اور خودمختار نظام کی طرف ہمارے سفر کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے کہا: ‘یہ نئے قوانین انصاف پر منحصر ہیں تاکہ لوگوں کو صحیح معنوں میں انصاف ملے’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہماری توجہ نہ صرف تعزیری کارروائی پر بلکہ انصاف پر ہے اور اس بات کو یقینی بنانا کہ لوگ اپنے حقوق اور ذمہ داریوں کو سمجھیں’۔انہوں نے کہا کہ نئے فوجداری قوانین کے متعلق آگے بھی جانکاری پروگرام جاری رہیں گے۔
نئے فوجداری قوانین کا مقصد انصاف اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے: ایس ایس پی سری نگر
