سرینگر// جموں و کشمیر میں سپیشل پولیس آفیسرز (SPOs) کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق ایک غیر مصدقہ ٹویٹ کے بعد، جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس (جے کے این سی) نے نہ صرف مذکورہ ٹویٹ حذف کر دی بلکہ اس معاملے پر وضاحت جاری کرتے ہوئے پارٹی نائب صدر کے سوشل میڈیا ایڈوائزر کو بھی برطرف کر دیا۔
ذرائع کے مطابق، جے کے این سی کے سرکاری سوشل میڈیا ہینڈل سے ایک پوسٹ شیئر کی گئی تھی، جس میں ایس پی اوز کے مشاہرے میں اضافے کا دعویٰ کیا گیا۔ یہ اطلاع تیزی سے وائرل ہوئی، جس سے ہزاروں ایس پی اوز میں امید کی لہر دوڑ گئی۔ تاہم، بعد میں پارٹی نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے ایکس پر اپنی پوسٹ کو حذف کر دیا اور وضاحت جاری کی کہ یہ خبر بغیر کسی تصدیق کے شائع کی گئی تھی۔
بعد ازاں، جے کے این سی نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ، “یہ پوسٹ مختلف سوشل میڈیا ہینڈلز سے بغیر کسی تصدیق کے شیئر کی گئی، جو کہ ایک غیر ذمہ دارانہ عمل تھا۔ اگرچہ ہم ایس پی اوز کے مشاہرے میں اضافے کے حامی ہیں اور اس کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں، تاہم تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ پیش رفت نہیں ہوئی ہے”۔
اس واقعے کے پیش نظر، پارٹی نے فوری طور پر اقدام اٹھاتے ہوئے نائب صدر کے سوشل میڈیا ایڈوائزر کو عہدے سے برطرف کر دیا اور آئندہ کسی بھی غیر مصدقہ اطلاع کی اشاعت سے اجتناب برتنے کا عزم ظاہر کیا۔
ادھر، سوشل میڈیا صارفین نے معاملہ کو ایس پی اوز کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ قرار دیا ہے۔