عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کیبل کار کارپوریشن (جے کے سی سی سی) نے جمعرات کو شمالی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کونگڈوری اور میری شولڈر کے درمیان سیاحوں کے لیے جوائے رائیڈ شروع کرنے کا اعلان کیا۔یہ سواری آزمائشی بنیادوں پر آج یعنی 3 اپریل سے 15 اپریل تک دستیاب رہے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ ٹرائل رن کا مقصد سیاحوں کے ردعمل کا اندازہ لگانا اور تجربے کو مزید بڑھانے کے لیے تجاویز اکٹھا کرنا ہے۔کے کے سی سی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر سید قمر نے بتایا کہ یہ سواری 15 سے 55 برس عمر کے سیاحوں کے لئے ہے اور فی کس 6 سو روپیہ اس کی ریٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سواری میری شولڈر پر نہیں رکے گی جس سے سیاحوں کے لئے ایک دلکش سفر یقینی بن جائے گا۔
کونگڈوری کو میری شولڈر سے جوڑنے والی چیئر لفٹ برسوں سے سردیوں میں اسکیئرز استعمال کرتے رہے ہیں جبکہ گرمیوں کے مہینوں میں اس کا استعمال نہیں کیا جاتا۔سید قمر نے بتایا: ‘اس اقدام کا مقصد سیاحوں کو نیا تجربہ پیش کرتے ہوئے انفراسٹکرچر کا بہتر استعمال کرنا ہے’۔ایک اور عہدیدار نے وضاحت کی کہ بہت سے سیاح گونڈولا روپ وے کے دوسرے مرحلے تک اس کی محدود گنجائش کی وجہ سے رسائی حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔انہوں نے کہا: ‘ ہم ہر کسی کو گونڈولا فیز ٹو تک نہیں لے جا سکتے لیکن اس جوائے رائیڈ کے اضافے سے سیاحوں کو ایک منفرد موقع فراہم ہو گا’۔
قابل ذکر ہے کہ گلمرگ گونڈولا، جسے کشمیر کی سیاحت کا سب سے اہم مرکز سمجھا جاتا ہے، ہزار 5 سو فٹ کی بلندی پرملک کا سب سے مقبول روپ وے ہے اور یہ گنڈولہ پانچ کلومیٹر کا فضائی فاصلہ طے کرتا ہے۔سال گذشتہ گلمرگ گونڈولا نے 10 لاکھ سے زیادہ سیاحوں کی میزبانی کی۔
کیبل کار کارپوریشن نے گلمرگ میں جوائے رائیڈ کا آغاز کیا
