عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر حکومت پونچھ میں شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے اہلِ خانہ کے حق میں معاوضے کا اعلان کیا ہے، تاہم حکومت نے اموات کی وجوہات سے متعلق کوئی واضح تصدیق نہیں کی۔
حکومت جموں و کشمیر کے محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا، ”کل پونچھ ضلع کے بفلیاز میں تین شہریوں کی ہلاکت کی اطلاع ملی۔ میڈیکل کی قانونی کارروائی کی گئی اور اس معاملے میں متعلقہ اتھارٹی کی طرف سے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ حکومت نے ہر مرنے والے کے لیے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے ہر مرنے والے کے لواحقین کے لیے تقرریوں کا بھی اعلان کیا ہے“۔
بتادیں کہ جمعرات کو بفلیاز ڈی کے جی علاقے میں مشتبہ ملی ٹینٹوں کے حملے میں 5 فوجی اہلکار ہو گئے تھے جبکہ کئی دیگر زخمی ہوئے تھے۔
حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا، جس دوران کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، بعد ازاں حراست میں لئے گئے تین افراد مشتبہ حالت میں مردہ پائے گئے۔ واقع کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی، جس کے بعد ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی، جس میں کچھ اہلکاروں کو حراست میں لئے گئے افراد کو زد و کوب کر رہے تھے۔
تین شہریوں کی ہلاکت کے بعد علاقے میں پیدا ہوئی کشیدگی کو مدِ نظر رکھ کر انتظامیہ موبائل انٹرنیٹ بند کر دیا۔