غریب لوگوں کو زمین اور مکان فراہم کرنے کی خاطر بہت جلد قانون بنایا جائے گا: منوج سنہا

یو این آئی

جموں//جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ یونین ٹریٹری کے غریب لوگوں کو زمین اور مکان فراہم کرنے کے لیے بہت جلد ایک قانون بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ وزیر اعظم نریندر مودی کے جموں و کشمیر کے متعلق خوابوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پر عزم ہے۔
ان باتوں کا اظہار ایل جی نے جموں میں تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں غریب لوگوں کو رہائشی سہولیات میسر رکھنے کی خاطر بہت جلد ایک قانون بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ میں یہ دیکھ کر حیران ہو گیا کہ جموں وکشمیر میں غریبوں کے لئے زمین کی فراہمی کی خاطر کوئی قانون نہیں ہے ۔
ان کے مطابق ہم اس سمت میں کام کر رہے ہیں تاکہ غریب بھی اپنے آشیانے تعمیر کر سکیں۔
ایل جی منوج سنہا نے کہاکہ غریبوں کو اراضی اور گھر بھی ملیں گے اور انتظامیہ کی جانب اس ضمن میں اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جس طرح سے مہاجر کشمیری پنڈتوں کو رہائشی سہولیات فراہم کی گئیں اسی طرح کی سہولیات غیر مقامی ملازمین جو یہاں پر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں کو فراہم کی جائے گی۔
منوج سنہا نے کہاکہ سرکاری ملازمین کو محفوظ رہائشی سہولیات فراہم کرنے کی خاطر سرکار کاربند ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ وزیر اعظم نریندر مودی کے جموں و کشمیر کے متعلق خوابوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پر عزم ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ میں یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ در بار مو کی فائلیں 270ٹرکوں میں بھر کر جموں پہنچائی جاتی تھی لیکن موجودہ انتظامیہ نے اس روایت کو ختم کرکے آن لائن نظام کو رائج کیا۔
ایل جی نے کہا کہ ایک وقت تھا جب جموں و کشمیر میں صرف 7 کلومیٹر سڑک بچھائی جاتی تھی اور آج یہ تعداد 20 کلومیٹر ہے اور روزانہ کی بنیاد پر 15 کلو میٹر سڑک کا کام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پچھلے تین سالوں کے دوران بہت کچھ بدل گیا ، سیلف ایمپلائمنٹ اسکیم کے تحت بے شمار نوجوانوں لڑکی لڑکیوں کو روزگار فراہم کیا جا رہا ہے۔