عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر پولیس اپنے سوک ایکشن پروگرام کے تحت ‘رن فار فن’ – جموں میراتھن-2025 کا انعقاد 16 مارچ کو یہاں گلشن گراؤنڈ میں کرنے والی ہے۔
ایک ترجمان نے بتایا کہ اس تقریب کی تیاری کے سلسلے میں اے ڈی جی پی آرمڈ پولیس آنند جین کی صدارت میں اے پی ایچ کیو جموں میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ موصوف اے ڈی جی پی آرمڈ، جو تقریب کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے ہیں، نے تقریب کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ذمہ دار افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قبل ازیں ڈی وائی ایس پی اسپورٹس اے پی ایچ کیو کلدیپ ہنڈو نے ایک پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کی تاکہ شرکاء کو میراتھن کی تیاریوں اور سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔
‘جموں میراتھن-2025’ سکولی بچوں سمیت تمام شعبہ ہائے حیات کے لوگوں کے لیے کھلا ہے۔
اس ایونٹ میں مردوں کے لئے 21 کلو میٹر ہاف میراتھن، خواتین (18 سال کی عمر سے زیادہ) کے لئے 10 کلو میٹر روڈ ریس،18 سال سے کم عمر لڑکوں کے لئے 10 کلو میٹر روڈ ریس،45 سال سے زیادہ عمر کی ویٹرن خواتین کے لئے 10 کلو میٹر روڈ ریس،45 برس سے زیادہ عمر کے ویٹرن مردوں کے لئے 10 کلو میٹر روڈ ریس، 14 سال سے کم عمر کے جونیئر لڑکوں کے لئے 5 کلو میٹر، 14 سال سے کم عمر کی جونیئر لڑکیوں کے لئے 4 کلو میٹر اس کے علاوہ تمام بزرگ شہریوں، مردوں، خواتین اور بچوں کی تفریح کے لیے 2 کلو میٹر دوڑ شامل ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ شرکا کو جائے موقع پر 5 بجے جمع ہونا ہے تاکہ جانچ پڑتال کی جائے جو ساڑھے پانچ بجے شروع ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مختلف میراتھن کیٹیگریز بشمول 21 کلومیٹر کی ہاف میراتھن 16 مارچ کو گلشن گراؤنڈ جموں سے پونے سات بجے شروع ہو گا جس کو مہمان خصوصی اور سینئر افسران جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔
میراتھن کے اختتام کے بعد گلشن گراؤنڈ جموں میں تقسیم انعامات کی تقریب ہوگی جس کے بعد چیسٹ نمبرز کی ریفل قرعہ اندازی کی جائے گی اور پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو نقد انعامات سے نوازا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ ایونٹ کے لیے رجسٹریشن کے خواہشمند شرکاء کے لیے 8 رجسٹریشن کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 6 کاؤنٹر جموں میں جبکہ 2 کاؤنٹر سری نگر میں قائم کئے گئے ہیں۔