عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نالین پربھات نے جمعے کے روز صوبہ جموں کے پہاڑی اضلاع ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن میں سیکورٹی صورتحال، انسداد دہشت گردی کارروائیوں اور امرناتھ یاترا کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈی جی پی نے بدرواہ اور بٹوت علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان اضلاع کے بالائی علاقوں میں موجود یا نو تشکیل شدہ دہشت گرد گروپوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔ انہوں نے انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مضبوط بنانے اور انسدادِ دہشت گردی آپریشنز کو مؤثر انداز میں انجام دینے پر زور دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق’ڈی جی پی نے رینج پولیس ہیڈکوارٹر بٹوت میں سیکیورٹی، امن و قانون کی صورتحال، انسداد دہشت گردی سرگرمیوں اور انتظامی تیاریوں کا جائزہ لیا‘اس موقع پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل شری دھر پاٹل اور متعلقہ اضلاع کے پولیس سربراہان نے ڈی جی پی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں بھدرواہ میں ایک اہم جائزہ میٹنگ میں امرناتھ یاترا کی سیکیورٹی اور دہشت گرد مخالف اقدامات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
ڈی جی پی پربھات نے سول و پولیس انتظامیہ کی جانب سے امرناتھ یاترا کو پرامن طریقے سے جاری رکھنے کے لئے کی گئی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یاترا کے کامیاب انعقاد کے لئے سیکورٹی فورسز کے اہلکار اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطہ چناب کے پہاڑی علاقوں میں سرگرم دہشت گرد گروہوں کے ساتھ ساتھ اُن کے اوور گراؤنڈ ورکروں اور ملک دشمن عناصر کے نیٹ ورک کو بھی مکمل طور پر ختم کیا جانا ضروری ہے۔بٹوت رام بن میں خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ انٹیلی جنس گرڈ کو مزید مستحکم کرنا اور آپریشنز کو درست معلومات کی بنیاد پر کامیابی سے مکمل کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
پولیس سربراہ نے ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن میں سیکورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی آپریشنز کا جائزہ لیا
