عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کی سیکرٹری سیاحت یاشا مدگل نے منگل کو کہا کہ مرکزی زیر انتظام علاقہ ایک مضبوط انداز میں سیاحت کی بحالی کی جانب بڑھ رہا ہے اور ایک بار پھر ملک بھر کے سیاحوں کے لیے ایک اولین پسند بنتا جا رہا ہے۔
سرینگر میں منعقدہ ’’ٹورازم سیکرٹریز کانفرنس‘‘کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مدگل نے کہا کہ ملک کی تمام ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم مشاورتی اجلاس میں شریک ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا، ’’یہ کانفرنس تمام ریاستوں اور یونین ٹیریٹریز کی شرکت کے ساتھ منعقد ہو رہی ہے۔ یہ ایک مضبوط پیغام دیتا ہے کہ جموں و کشمیر نہ صرف تفریحی سیاحت بلکہ ہر قسم کی سیاحت کے لیے ایک ترجیحی مقام ہے۔‘‘
مدگل نے بتایا کہ وزارت سیاحت کی سرپرستی میں منعقد ہونے والے اس ایونٹ میں مرکزی وزیر سیاحت اور جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نے بھی شرکت کی۔ انھوں نے یہ ہمارے لیے سال کا سب سے بڑا ایونٹ ہے اور آنے والے سیاحتی سیزن کے لیے ایک مثبت آغاز فراہم کرتا ہے۔
حال ہی میں پیش آئے ایک واقعے کے بعد سیاحوں کی آمد میں عارضی کمی پر بات کرتے ہوئے مدگل نے کہا کہ صورتحال تیزی سے معمول پر آ رہی ہے۔ ’’ایسے کسی واقعے کے بعد سیاحوں کی تعداد میں تھوڑی کمی آنا فطری ہے، لیکن لیفٹیننٹ گورنر اور دیگر اعلیٰ حکام کی کوششوں کی بدولت سیاح دوبارہ واپس آ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سرینگر، گلمرگ اور پہلگام جیسے اہم مقامات پر سیاحوں کی آمد میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ مدگل نے کہا ’’ملک کے ہر کونے سے سیاح یہاں آ رہے ہیں۔ ہم بحالی کی راہ پر گامزن ہیں اور بہت جلد گزشتہ سال کی سطح کو چھو لیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے بڑے ایونٹس سیاحوں کا اعتماد بحال کرنے میں مدد دیتے ہیں اور جموں و کشمیر کی ایک محفوظ اور جاذب نظر مقام کے طور پر شناخت کو مستحکم کرتے ہیں۔ ’’ہم ایسے مزید پروگرام منعقد کرتے رہیں گے تاکہ پورے یو ٹی میں سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔
جموں و کشمیر سیاحت کی بحالی کی راہ پر گامزن : یاشا مدگل
