عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں وکشمیر کے اکھنور سیکٹر میں ایل او سی کے قریب دہشت گردوں کے خلا ف انسدادِ دراندازی آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور آرمی چیف اوپیندرا دیویدی نے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ جموں کے اکھنور میں قائم فوجی چھاونی میں ایک تعزیتی تقریب منعقد ہوئی جس میں فوج ، پولیس کے سینئر آفیسران نے شرکت کی اور بعد ازاں فوجی آفیسر کی میت کو آخری رسوم کی ادائیگی کے لئے ہماچل پردیش کے لئے روانہ کردیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ 10ویں انفنٹری ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ، میجر جنرل سمیر سریواستو اور جموں کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، جوگندر سنگھ کی قیادت میں فوج، پولیس اور سول افسران نے صوبیدار کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
واضح رہے کہ جمعے کی رات دیر گئے، اکھنور سیکٹر کے کیری بھٹل علاقے میں ہندوستانی علاقے میں دراندازی کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں جے سی او شہید ہو گئے تھے ۔
ایک پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر سنہا نے کہا،میں فوج کے بہادر صوبیدار کلدیپ چند کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے فرض کی ادائیگی میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی بہادری اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ پوری قوم غم کی اس گھڑی میں شہید کے خاندان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔
فوج کے ایڈیشنل ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پبلک انفارمیشن نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اوپیندر دویدی اور ہندوستانی فوج کے تمام رینکس اس بہادر کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ایل جی اور آرمی چیف نے جے سی او کو خراجِ عقیدت پیش کیا
