عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// وزیر اعظم نریندر مودی نے اپوزیشن پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کو کئی دہائیوں تک “خاندانی سیاست کا خمیازہ” برداشت کرنا پڑا۔
جموں میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ جن سیاسی پارٹیوں نے خاندانی سیاست کی ہے انہیں صرف اپنے مفاد کی فکر ہے۔
جموں و کشمیر کو کئی دہائیوں تک خاندانی سیاست کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔ انہیں صرف اپنے خاندانوں کی فکر ہے، آپ کے مفادات کی نہیں، آپ کے خاندانوں اور خطے کے نوجوانوں کو اس کی وجہ سے زیادہ تر نقصان اٹھانا پڑا ہے”۔
انہوں نے کہا، “مجھے خوشی ہے کہ جموں و کشمیر اس خاندانی سیاست سے آزادی حاصل کر رہا ہے”۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ دفعہ 370 جسے 2019 میں ختم کیا گیا تھا، جموں و کشمیر کی ترقی میں سب سے بڑا ‘روڈ بلاک’ تھا، وزیر اعظم نے کہا کہ UT اب مجموعی ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ دفعہ 370 جموں و کشمیر کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ تھی۔ تاہم بی جے پی حکومت نے اسے منسوخ کر دیا ہے۔ جموں و کشمیر اب مجموعی ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے، یہ دفعہ 370 کی منسوخی کی وجہ سے ہے۔
مودی نے کہا، ” میں نے لوگوں سے بی جے پی کو 370 سیٹیں جیتنے میں اور این ڈی اے کو (2024 لوک سبھا) انتخابات میں 400 سیٹیں جیتنے میں مدد کرنے کی اپیل کی ہے”۔
اُنہوں نے کہا، “مجھے آپ پر پورا بھروسہ ہے اور ہم ‘وکست جموں و کشمیر’ بنائیں گے۔ آپ کے 70 سال کے خواب مودی آنے والے سالوں میں پورے کریں گے۔ پہلے جموں و کشمیر سے بموں، اغوا اور علیحدگی کی صرف مایوس کن خبریں آتی تھیں، لیکن اب جموں و کشمیر ترقی کر رہا ہے اور آگے بڑھ رہا ہے۔
2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سے پی ایم مودی کا جموں و کشمیر کا یہ دوسرا دورہ ہے اور آنے والے لوک سبھا انتخابات سے پہلے اہم ہو جاتا ہے۔
سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان، وزیرِ اعظم مودی کا جموں ہوائی اڈے پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور مرکزی وزیر جتیندر سنگھ اور جے کے یونٹ کے صدر رویندر رینا سمیت بی جے پی کے سرکردہ رہنماو¿ں نے استقبال کیا۔
جموں و کشمیر بھر سے بڑی تعداد میں لوگ اس تقریب کے لیے مولانا آزاد اسٹیڈیم میں جمع تھے۔
مودی نے کہا، ”یہ ہمارے لیے بڑی نعمت ہے کہ آپ بہت دور سے یہاں آئے ہیں۔ مجھے بتایا گیا ہے کہ لوگ 285 بلاکس میں نصب ایل ای ڈی سکرینوں کے ذریعے اس پروگرام کو سن رہے ہیں”۔
اپنے خطاب سے پہلے، وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر میں 32,000 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں، بشمول تعلیم، ریلوے، ہوا بازی اور سڑک کے شعبوں کا آغاز کیا۔
جموں سے، وزیر اعظم نے ملک بھر میں 13,500 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا آغاز یا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
ان منصوبوں میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (IITs)، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (IIMs) اور مرکزی یونیورسٹیاں شامل ہیں۔
پی ایم مودی نے جموں و کشمیر کے تقریباً 1,500 نئے بھرتی ہونے والے سرکاری ملازمین میں تقرری کے خطوط تقسیم کیے اور ’وکست بھارت، جموں‘ پروگرام کے حصے کے طور پر مختلف اسکیموں کے استفادہ کنندگان سے بات چیت کی۔