عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے مرکزی زیر انتظام علاقے میں مختلف سرکاری محکموں میں کام کرنے والے افسران اور اہلکاروں کو سخت ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ عوامی دفاتر میں منتخب نمائندوں کو ترجیحی بنیادوں پر سنیں اور ان سے ملاقات کے دوران مناسب پروٹوکول کی پابندی کریں۔
جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈی ) جموں و کشمیر کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکلر میں کہا گیا ہےکہ جموں و کشمیر کے مرکزی زیر انتظام علاقے کی قانون ساز اسمبلی کے منتخب اراکین گورننس کے عمل میں بنیادی سطح پر ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ تمام سرکاری محکمے، افسران اور اہلکار ان عوامی نمائندوں کے ذریعے اجاگر کیے گئے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور مکمل تعاون فراہم کریں۔
سرکلر میں مزید کہا گیا ہےجموں و کشمیر کے تمام سرکاری محکموں میں کام کرنے والے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ عوامی دفاتر میں منتخب نمائندوں کو ترجیحی بنیادوں پر سنیں اور ان سے ملاقات کے دوران حکومت کے مقرر کردہ اصولوں اور رہنما خطوط کے مطابق مناسب پروٹوکول اختیار کریں۔
منتخب نمائندوں کی جانب سے بھیجے گئے خطوط، درخواستوں اور شکایات کو فوری طور پر تسلیم کیا جائے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ سرکاری افسران اور اہلکار منتخب نمائندوں کے ساتھ پیشہ ورانہ اور باعزت رویہ اختیار کریں۔
یہ بھی یقینی بنایا جائے کہ منتخب عوامی نمائندوں کو ان کے دائرہ اختیار میں ہونے والی تمام سرکاری تقریبات اور اجلاسوں میں مدعو کیا جائے، نیز کسی معزز شخصیت کے دورے کے موقع پر بھی انہیں مدعو کیا جائے۔