عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ جموں و کشمیر حکومت نے اعلان کیا ہے کہ پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم (PDS) کے تحت انتیودیا انا یوجنا (AAY) سے مستفید ہونے والے ایسے گھرانے، جن کے چار یا اس سے زیادہ افراد ہیں، اضافی غذائی اجناس مفت حاصل کریں گے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس اقدام کو ایک “عوام دوست” فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ 2025-26 میں کیے گئے وعدے کی تکمیل ہے۔
سرکاری حکم نامے کے مطابق، یہ فائدہ صرف اے اے وائی گھرانوں کے لیے قابل اطلاق ہوگا۔
حکومت کے مطابق، اے اے وائی مستحقین کے لیے کل مختص کردہ راشن کا حساب ایسے بنایا جائے گا کہ تمام پی ڈی ایس اسکیموں، بشمول نیشنل فوڈ سیکیورٹی ایکٹ، کے تحت ہر مستحق کو زیادہ سے زیادہ 10 کلوگرام راشن فراہم کیا جا سکے۔
حکم نامے میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ چار افراد پر مشتمل اے اے وائی خاندان کو اضافی 5 کلو، پانچ افراد والے خاندان کو 15 کلو، جبکہ چھ افراد والے گھرانے کو 25 کلو راشن دیا جائے گا، اور اسی حساب سے مزید اضافہ ہوگا۔
فی الحال، اے اے وائی گھرانوں کو ہر ماہ 35 کلوگرام مفت راشن ملتا ہے۔
حکومت کے مطابق، چاول اوپن مارکیٹ سیل اسکیم (ڈومیسٹک) کے تحت دستیابی کی بنیاد پر فراہم کیا جائے گا اور مستحقین کو بالکل مفت مہیا کیا جائے گا۔
حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ “فنانس ڈیپارٹمنٹ کو اس اقدام پر عمل درآمد کے لیے اضافی بجٹ فراہم کرنے کا اختیار ہوگا، جو بعد میں متعلقہ ریوالونگ فنڈ (فوڈ گرینز) اکاؤنٹس میں واپس جمع کیا جائے گا۔”
مزید کہا گیا کہ جیسے ہی فوڈ اینڈ پبلک ڈسٹری بیوشن ڈپارٹمنٹ گندم کی فروخت دوبارہ شروع کرے گا، محکمے کو یہ آپشن تلاش کرنے کی اجازت دی جائے گی کہ وہ اہل مستحقین کو گندم یا گندم کا آٹا فراہم کرے، بشرطیکہ مجاز اتھارٹی اس کی منظوری دے۔
وزیر اعلیٰ نے فیس بک پر حکم نامہ شیئر کرتے ہوئے کہا: “یہ ایک بڑا عوام دوست فیصلہ ہے، جس کے ذریعے بجٹ 2025-26 میں کیے گئے وعدے کو پورا کیا جا رہا ہے۔ جموں و کشمیر حکومت اب تمام اے اے وائی گھرانوں کو اضافی غذائی اجناس مفت فراہم کرے گی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ہر مستحق فرد کو 10 کلوگرام تک راشن ملے گا، جس سے خطے کے سب سے زیادہ مستحق خاندانوں کے لیے غذائی تحفظ کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔