نئی دہلی// صدر دروپدی مرمو نے جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد کی صورتحال میں اہم تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے کشمیر کے لیے ریلوے منصوبہ کو حکومت کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، صدر مرمو نے فرمایا، “آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں قابل ذکر تبدیلیاں آئی ہیں”۔
انہوں نے مزید کہا، “گزشتہ چھ ماہ کے دوران حکومت نے مستقبل کی بنیادی ڈھانچے میں ریکارڈ سرمایہ کاری کی ہے۔ میں خوشی کے ساتھ اطلاع دیتی ہوں کہ اُدھم پور-سرینگر-بارہمولہ ریلوے منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے ذریعے ملک کو کشمیر سے کنیا کماری تک ریلوے کے ذریعے جوڑا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت دنیا کا سب سے بلند ریلوے پل چناب دریا پر تعمیر کیا گیا ہے”۔
صدر مرمو نے قومی سلامتی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا، “حکومت نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں”۔
انہوں نے دفاعی شعبے میں پیش رفت پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا، “حکومت نے ‘میک ان انڈیا’ سے ‘میک فور دی ورلڈ’ کی جانب قدم بڑھایا ہے”۔
دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر کی صورتحال میں نمایاں تبدیلیاں، کشمیر ریل منصوبہ اہم کامیابی: صدر مرمو
