عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// انڈین یوتھ کانگریس کے نومنتخب صدر ادے بھانو چِب نے جمعہ کو کہا ہے کہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات مرکز کی آمرانہ بی جے پی حکومت کے خلاف لڑائی ہے۔
چب نے کہا، “کانگریس-این سی اتحاد 8 اکتوبر کو (جموں و کشمیر میں) حکومت بنانے جا رہا ہے۔ مجھے امید ہے کہ ہم اچھی اکثریت سے حکومت بنائیں گے۔ یہ انتخابات کانگریس یا این سی نہیں بلکہ جموں و کشمیر کے عوام اس آمرانہ حکومت کے خلاف لڑ رہے ہیں”۔
انڈین یوتھ کانگریس کے صدر کے طور پر مقرر ہونے سے پہلے، چِب اس کے جموں و کشمیر کے سربراہ تھے۔ انہوں نے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی کا انہیں آئی وائی سی کا سربراہ مقرر کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا، ”سب سے پہلے، میں راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے جموں کے ایک عام خاندان کے آدمی کو یہ موقع فراہم کیا”۔
انہوں نے کہا کہ آئی وائی سی پیپر لیک اور بے روزگاری کے مسائل کو اٹھائے گی اور بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کو جوابدہ بنائے گی۔
چِب نے کہا کہ کانگریس-این سی حکومت جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کو بحال کرے گی۔
اُنہوں نے کہا،”ہمارا منشور کہتا ہے کہ جیسے ہی ہم اپنی حکومت بنائیں گے، کانگریس ریاست کا درجہ بحال کرے گی“۔