جموں// جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ نے نیشنل کانفرنس کے ساتھ اتحاد کے خاتمے سے متعلق رپورٹس کو “جعلی” اور “من گھڑت” قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا۔
قرہ نے ان خبروں کو بے بنیاد اور سچائی سے دور قرار دیا اور کہا کہ کانگریس اس اتحاد کے حوالے سے مکمل طور پر پرعزم ہے اور موجودہ حکومت کی حمایت جاری رکھے گی۔
انہوں نے مزید کہا، “یہ افواہیں محض بے بنیاد اور من گھڑت ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ اس پر مزید بات کرنے کی ضرورت نہیں”۔
قرہ نے کہا کہ کانگریس ریاستی حیثیت کی بحالی کے اپنے مطالبے پر قائم ہے اور جب تک ریاستی حیثیت بحال نہیں ہوتی، وہ کابینہ میں شامل نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا، “ریاستی حیثیت کی بحالی ہمارا بنیادی موقف ہے۔ ہم ریاستی حیثیت کی بحالی تک کابینہ میں شامل نہیں ہوں گے”۔
سوشل میڈیا پر یہ خبریں چل رہی تھیں کہ کانگریس نیشنل کانفرنس کے ساتھ اپنے اتحاد کو ختم کرنے پر غور کر رہی ہے۔
نیشنل کانفرنس اتحاد سے علیحدگی کی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت: کانگریس صدر
