جموں میں نوجوان کی ہلاکت کا معاملہ:قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی:عمر عبداللہ

KU Admin
2 Min Read

عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں میں پولیس کارروائی کے دوران جاں بحق ہوئے نوجوان محمد پرویز کے گھر جا کر اہل خانہ سے تعزیت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن سرکاری معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت اس سانحے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مکمل سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مرحوم کے ورثاء کو یقین دلایا کہ حکومت اس واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کروا کر قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔
عمر عبداللہ نے مزید کہا کہ انصاف صرف قانونی دائرے میں محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس میں انسانی ہمدردی اور حکومتی سنجیدگی کا پہلو بھی شامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہونے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ حکومت اس معاملے کو ہرگز نظر انداز نہیں کرے گی۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں نکی توی جموں میں پیش آئے ایک پولیس کارروائی کے دوران محمد پرویز جاں بحق ہو گئے تھے، جس کے بعد عوامی اور سیاسی حلقوں کی جانب سے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔

Share This Article