جموں/ مسلسل اور موسلا دھار بارش نے جموں صوبے کے تمام ندی نالوں میں طغیانی سی صورتحال پیدا کر دی ہے اور توی، چناب، بسنتر اور اُجھ ندیوں میں پانی کی سطح ایک بار پھر سیلاب کے خطرے کے نشان سے تجاوز کر گئی ہے۔
حکام کے مطابق جموں میں گذشتہ 9 گھنٹوں کے دوران 81 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ ریاسی میں 203 ملی میٹر، کٹرہ میں 193 ملی میٹر، سامبہ میں 48 ملی میٹر، رام بن میں 82 ملی میٹر، بھدرواہ میں 96.2 ملی میٹر، بٹوٹ میں 157.3 ملیمیٹر، ڈوڈہ میں 114 ملی میٹر، کشتواڑ میں 50 ملی میٹر،بانہال میں 95 ملی میٹر، راجوری میں 57.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
سری نگر میں گذشتہ 9 گھنٹوں کے دوران 32 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ وادی کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں 55 ملی میٹر اور کوکوناگ میں 68.2 ملی میٹر اور گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہو قصبہ قاضی گنڈ میں 68 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ این ڈی آر ایف کے جوانوں کی ٹیمیں توی پل پر تعینات ہیں، جو لوگوں کو دریا میں پانی کی سطح کے بارے میں خبردار کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اکھنور کے مقام پر دریائے چناب کے پانی کی سطح بھی سیلاب کے خطرے کے نشان سے تجاوز کر گئی ہے اور اب انخلاء کے نشان سے بمشکل نیچے ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اسی طرح سانبہ ضلع میں دریائے بسنتر اور کٹھوعہ ضلع میں دریائے اُجھ بھی سیلاب کے نشان کو عبور کرچکے ہیں۔
وادی میں، پہلگام میں شیش ناگ ندی اور کولگام ضلع میں وشو ندی نے سیلاب کے نشان کو عبور کر لیا ہے۔
دریں اثنا خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر حکام نے وادی کشمیر میں آج یعنی بدھ کو کالج اور اسکول بند رکھنے کا حکم دیا ہے جبکہ کشمیر یونیورسٹی اور کلسٹر یونیوسرٹی نے امتحانات بھی ملتوی کر دئے ہیں۔
جموں: توی اور چناب میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر
