محمد تسکین
بانہال // ادہمپور کے تھارڈ پل کے نزدیک سڑک کے دھنسنے کے تازہ واقعے کے بعد جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت ایک بار پھر بند ہوگئی ہے۔ ہفتے کے روز عارضی طور پر بنائی گئی سڑک سے مسافر اور ضروری اشیاء سے لدھے گاڑیوں کو نکالنے کے بعد تازہ بارشوں اور پسیوں کی وجہ سے شاہراہ دوبارہ متاثر ہوئی۔
ٹریفک حکام کے مطابق تھارڈ پل اور بلی نالہ کے درمیان تقریباً 50 سے 60 میٹر کا حصہ رات کے دوران دھنس گیا، جس کے نتیجے میں ڈاؤن ٹیوب (کشمیر سے جموں جانے والی سڑک) مکمل طور پر بند ہوگئی ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ گاڑیوں کی نکاسی کے لیے تیار کیا گیا عارضی ریمپ بھی بیٹھ گیا ہے جبکہ پہاڑی کا ڈھلوان حصہ بھی سڑک کی جانب سرک رہا ہے، جس کے باعث سڑک کے دونوں ٹیوب ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے ہیں۔
انتظامیہ نے عوام اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر فی الحال سفر سے گریز کریں اور بحالی کے بعد ہی سفر کا منصوبہ بنائیں۔