عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/موسلا دھار بارش اور مٹی کے تودے گرنے کے باعث جموں-سری نگر قومی شاہراہ مسلسل بند ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں مسافر مختلف مقامات پر درماندہ ہوکر رہ گئے ہیں۔ اس پس منظر میں ناردرن ریلوے نے پیر کے روز کٹرا اور سنگلدان کے درمیان خصوصی ٹرین سروس شروع کی تاکہ پھنسے ہوئے مسافروں، طلباء اور ملازمین کو راحت فراہم کی جا سکے۔
یہ پہلی مرتبہ ہے کہ شری ماتا ویشنو دیوی ریلوے اسٹیشن کٹرا (ضلع ریاسی) سے سنگلدان ریلوے اسٹیشن (ضلع رامبن) تک مقامی ٹرین چلائی گئی۔ ریلوے حکام کے مطابق یہ پانچ روزہ سروس 8 سے 12 ستمبر تک جاری رہے گی اور مسافروں سے محض 20 روپے کرایہ وصول کیا جائے گا۔ اس 63 کلو میٹر کے سیکشن پر ٹرین ریاسی، بکل اور دُگہ اسٹیشنوں سے گزرے گی۔
ریلوے کے ایک سینئر افسر نے بتایا: ’انتظامیہ کی درخواست پر ریلوے بورڈ نے یہ فیصلہ لیا تاکہ درماندہ مسافروں، مریضوں اور طلباء کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ پہلی ٹرین صبح 8:40 بجے کٹرا سے روانہ ہوئی جبکہ دوپہر 2 بجے واپسی کا شیڈول بنایا گیا۔‘پہلے ہی دن 464 مسافروں نے کٹرا سے سنگلدان تک سفر کیا۔ ان میں وہ لوگ بھی شامل تھے جو کئی دنوں سے جموں اور رامبن میں پھنسے ہوئے تھے۔
مرکزی وزیر ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کٹرا-سنگلدان خصوصی ٹرین کے ذریعے نہ صرف مسافروں بلکہ اشیائے ضروریہ کی ترسیل بھی ممکن ہو سکے گی، جو بعد میں سڑک کے ذریعے ڈوڈہ اور کشتواڑ پہنچائی جائیں گی۔ادھرسری نگر جموں قومی شاہراہ پر کئی مقامات پر کام جاری ہے اور حکام کو امید ہے کہ پیر کی شام تک ٹریفک کو جزوی طور پر بحال کیا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں 26 اگست سے شدید بارشوں اور اچانک آنے والے سیلاب کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی تھی۔
جموں-سری نگر شاہراہ بند، کٹرا۔سنگلدان سیکشن پر خصوصی ریل سروس شروع
