عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) نے جمعہ کو پونچھ ضلع میں نارکو دہشت گردی کے ایک کیس میں مطلوب ایک اور اہم ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایس آئی اے ترجمان نے بتایا کہ 30 مئی 2023 کو ایک نارکو ٹیرر ماڈیول میں چار افراد کی طرف سے پونچھ ضلع میں سرحدی باڑ کے پار سے بھارت میں منشیات اور دھماکہ خیز مواد سمگل کرنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کو فوج نے پکڑ لیا اور اسلحہ، گولہ بارود، آئی ای ڈیز اور ہیروئن کے ساتھ گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات پر یہ بات سامنے آئی کہ چار افراد کے گروپ (جن میں سے ایک موقع سے فرار ہو گیا تھا) کی نگرانی کلیدی ملزم محمد جاوید کر رہا تھا جسے حال ہی میں ایس آئی اے نے دہلی سے گرفتار کیا تھا۔
ایس آئی اے ترجمان نے بتایا ،”تکنیکی نگرانی اور انسانی انٹیلی جنس پر، یہ پتہ چلا کہ لیاقت نے محمد جاوید اور دیگر ملزمان کے ساتھ مل کر پوری سازش کی منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کیا تھا”۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیاقت نے سازش کو انجام دینے میں مادی مدد بھی کی تھی اور مقدمہ درج ہونے کے بعد محمد جاوید کو فرار ہونے میں مدد کی تھی۔لیاقت ضلع پونچھ میں ایک دکان چلاتا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ6 جولائی 2023 کو پولیس تھانہ پونچھ نے کیس کو تفتیش کے لیے ایس آئی اے جموں کو منتقل کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ اس نارکو ٹیرر سنڈیکیٹ کے کراس بارڈر آپریشن کے پہلوو¿ں کے بارے میں مزید تفتیش جو سرحد پار سے اسلحے، دھماکہ خیز مواد اور منشیات کی کھیپ سمگل کرنے سے متعلق ہے، ایس آئی اے جموں میں جاری ہے، اسی طرح مختصر مدت میں غیر متناسب دولت جمع کرنے کے پہلوو¿ں پر بھی چھان بین کی جا رہی ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ کیس کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔