سید امجد شاہ
جموں// جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (سی سی آئی) جموں، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، مختلف سیاسی اور غیر سیاسی تنظیموں کی کال پر ہفتہ کو جموں شہر مکمل طور پر بند ہے۔
سانبہ ضلع کے بڑی برہمنہ، وجئے پور اور کٹھوعہ ضلع سمیت دیگر علاقوں میں نظر بند یووا راجپوت سبھا کے اراکین کی رہائی اور جموں-پٹھانکوٹ شاہراہ پر واقع سرور میں ٹول پلازہ کے خلاف لوگ جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ خدمات بھی متاثر ہیں حالانکہ شہر اور اس کے اطراف کی سڑکوں پر نجی گاڑیاں چل رہی ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (سی سی آئی) جموں کی طرف سے جے اینڈ کے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، مختلف سیاسی اور غیر سیاسی تنظیموں کے تعاون سے دی گئی بند کال کی حمایت میں جموں شہر کے تمام بازار بند ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار کرنے کے لیے، کچھ نوجوان قومی پرچم لے کر نکلے اور جموں شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاج کئے اور کٹھوعہ جیل سے یووا راجپوت سبھا کے رہنماو¿ں کی رہائی اور سرور میں ٹول ٹیکس کی وصولی کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ پرامن ماحول کو کسی بھی قسم کی گڑبڑ سے بچانے کے لیے کئی مقامات پر پولیس اور نیم فوجی دستوں کو بھی تعینات کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ سبزی فروش اور میڈیکل سٹور کھلے رہے۔
سانبہ ضلع میں، قصبے میں دکانیں کھلی رہیں کیونکہ انہوں نے دو دن پہلے ہی بازار بند رکھے تھے۔
مقامی لوگوں کے مطابق، ”بڑی برہمنہ اور وجے پور میں بھی دکانیں بند رہیں”۔