جموں// جموں پولیس نے منگل کے روز غیر اخلاقی سرگرمیوں کی شکایات کے بعد تقریباً دو درجن سپا سینٹرز پر چھاپے مارے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، سٹی ساؤتھ جموں، اجے شرما نے بتایا کہ متعلقہ تحصیلداروں کی موجودگی میں 20اسپا سینٹرز کی بیک وقت تلاشی لی گئی۔
انہوں نے کہا، “ضلع مجسٹریٹ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (جموں) کے احکامات پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سپا سینٹرز کی غیر معمولی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر غیر قانونی اور مشکوک سرگرمیوں کی بڑی تعداد میں شکایات موصول ہو رہی تھیں”۔
افسر کے مطابق مشترکہ ٹیموں نے سپا سینٹرز کی مکمل تلاشی لی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہاں کوئی غیر اخلاقی سرگرمیاں نہ ہو رہی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اطلاعات بھی تھیں کہ ضلع مجسٹریٹ کے کرایہ داروں کی مناسب پولیس تصدیق کے احکامات پر عمل نہیں کیا جا رہا تھا۔
ایس پی نے مزید کہا کہ اس کاروائی کے دوران ابھی تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا، اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
چھنی ہمّت علاقے میں اگست گزشتہ سال ریپ کے الزامات میں دو افراد کی گرفتاری کا حوالہ دیتے ہوئے افسر نے کہا کہ بہار کی ایک لڑکی، جو سپا سینٹر میں کام کرتی تھی، نے اپنے مالک پر زیادتی کا الزام عائد کیا تھا اور کہا تھا کہ اسے غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر مجبور کیا گیا۔