عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں پولیس نے بدھ کو جوڑیان علاقے میں پولیس حراست میں ایک شخص کی موت کے بارے میں غلط معلومات کو دور کرنے کے لئے ایک پریس بیان جاری کیا۔
پولیس ترجمان نے کہا ، “اطلاع دی جاتی ہے کہ سنیل کمار عرف سونو ولد دیوان چند سکنہ گڑھی بشناہ جوریاں نامی ایک شخص کو سیکنڈ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کے جاری کردہ وارنٹ کی تعمیل میں 21 دسمبر کو پولیس چوکی جوریاں لایا گیا تھا، اسے 22دسمبر کو عدالت میں پیش کیا جانا تھا۔ 22دسمبر کو اسے سی ایچ سی جوریاں منتقل کیا گیا کیونکہ وہ بے ہوش تھا اور کوئی جواب نہیں دے رہا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا“۔
اُنہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر جموں نے پہلے ہی مجسٹریل جانچ کا حکم دیا ہے۔ متوفی کا پوسٹ مارٹم جی ایم سی جموں میں ڈاکٹروں کے ایک بورڈ نے مجسٹریٹ کی موجودگی میں کیا اور ویڈیو گرافی بھی کی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ “یہ بات قابل ذکر ہے کہ پولیس چوکی جوریان کے لاک اپ سمیت پورا احاطہ سی سی ٹی وی کی نگرانی میں ہے”۔
یہ بیان اس وقت جاری کیا گیا ہے جب پولیس چوکی جوریان میں پولیس حراست میں ایک شخص کی موت کے حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔