عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ جموں شہر میں مکمل بلیک آؤٹ نافذ ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں سائرن کی گونج سنائی دے رہی ہے، جبکہ سرحدی علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں بھی آرہی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں عمر عبداللہ نے لکھا:’اب جموں میں بلیک آؤٹ ہو چکا ہے۔ شہر بھر میں سائرن بج رہے ہیں۔‘
چند ہی منٹ بعد انہوں نے ایک اور پوسٹ میں بتایا:’اب وقفے وقفے سے دھماکوں کی آوازیں بھی آ رہی ہیں، غالباً یہ بھاری توپخانے کے گولے ہیں۔‘
ذرائع کے مطابق جموں کے سانبہ ضلع میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جس کے بعد وہاں بھی سائرن بجنے لگے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دھماکوں کے بعد شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔
یہ صورتحال گزشتہ کئی دنوں سے جاری سرحد پار شیلنگ، فضائی خطرات اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) و بین الاقوامی سرحد پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں سامنے آئی ہے۔ حکام نے پہلے ہی ہنگامی الرٹ جاری کر رکھا ہے اور شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
جموں اور سانبہ میں زور دار دھماکوں کی آوازیں، شہر بھر میں سائرن گونجنے لگے
