عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مرحوم شیخ نذیر کی دسویں برسی پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت جموں وکشمیر ایک مشکل ترین دور سے گذر رہا ہے۔اطلاعات کے مطابق نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر ایڈوکیٹ نذیر احمد کی برسی پر آج پارٹی کی جانب سے تقریبات کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں پیر کے روز سینئر لیڈران اور کارکنوں نے مرحوم کے مقبرہ واقع ملک صاحب صورہ جاکروہاں پر گلباری اور فاتحہ خوانی کی۔عمر عبداللہ نے اس موقعے پر کہا کہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ نے نیشنل کانفرنس کو ایک لائحہ عمل دیا ہے اور ہماری جماعت آج بھی اُن کے لائحہ عمل پر چل کر ہر صورت میں عوام کیلئے وقف ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ شیخ نذیرنے شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کے اصولوں اور نقوش پر کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کیا اور ہر حال میں جماعت کی آبیاری کی، ہماری جماعت کے نڈر ، بے باک اور معتبر رہنما تھے۔انہوں نے کہاکہ مرحوم خلوص اور عوامی جدوجہد کے پیکر تھے، تنظیم کی آبیاری اور شیخ محمد عبداللہ کے مشن کے لئے دیانتداری اور ایمانداری سے بے لوث کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت جموں و کشمیر ایک مشکل ترین دور سے گذر رہا ہے اور ایسی صورتحال میں جماعت کو مضبوط کرنا ہماری طرف سے انہیں سب سے بڑا خراج عقیدت ہوگا۔
اس وقت جموں وکشمیر مشکل ترین دور سے گذر رہا ہے :وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ
