جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کا جموں میں احتجاج

جموں// جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے امریکی کمپنی کی رپورٹ اور اڈانی سے جڑے معاملوں کو لے کر پیر کے روز یہاں شہیدی چوک میں احتجاج درج کیا۔
احتجاجی جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے اور اس دوران کانگریس کارکنوں اور پولیس کے درمیان دھکا مکی بھی ہوئی۔
اس موقع پر کانگریس کمیٹی کے صدر وقار رسول نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ سال2013 میں اڈانی امیر ترین شخصیتوں کی فہرست میں 660 ویں نمبر پر تھا لیکن اس کو فراڈ کرکے دنیا کے امیر ترین شخصیتوں کے دوسرے نمبر پر پہنچایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اب جب امریکی کمپنی کی رپورٹ آئی تو اس میں دکھایا گیا کہ اڈانی نے فراڈ کرکے دولت حاصل کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج اس کے شئیر گر رہے ہیں اور ایل آئی سی اور ایس بی آئی دونوں خطرے میں ہیں اور ان میں جو لوگوں، ملازموں وغیرہ کا پیسہ ہے وہ بھی خطرے میں ہے۔
وقار رسول نے نے کہا: ’جیسا کہ راہل گاندھی نے پہلے ہی کہا تھا کہ موجودہ سرکار دو افراد اڈانی اور امبانی کی سرکار ہے‘۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی سرکار نے کوئی اچھا کام نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے ریاست کو دو حصوں میں منقسم کیا گیا اور آج غریبوں سے ان کی زمین، ان کے دکان اور مکان چھینے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس کے خلاف بھی آج احتجاج کر رہے ہیں۔
موصوف صدر نے کہا کہ جموں وکشمیر کے ہر ضلعے میں احتجاج ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مطالبہ ہے کہ اڈانی معاملے کی جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی یا عدالت عظمیٰ کے سینئر جج صاحباب سے تحقیقات کرائی جائے۔