انسداد تجاوزات مہم؛ جموں میں 130 کنال ریاستی اراضی بازیاب

جموں//انسداد تجاوزات مہم کو جاری رکھتے ہوئے، ضلع انتظامیہ جموں نے آج بے دخلی اور مسماری مہم کے دوران گاوں ڈیلی میں 5 کنال 02 مرلہ ریاستی اراضی بازیاب کر لی۔
سرکاری زرائع نے بتایا کہ سرکاری اراضی پر ایک معروف میڈیا ہاوس اور بزنس مین نے قبضہ کیا تھا جسے انتظامیہ نے بازیاب کرا لیا۔ تجاوزات والی اراضی کی چاردیواری کو گرا دیا گیا اور اس جگہ پر ریاستی لینڈ بورڈ بھی لگا دیا گیا۔
اسی دوران ضلع انتظامیہ نے گاوں پلوان، اکھنور میں 100 کنال کی سرکاری اراضی واپس حاصل کی۔
اسی طرح ریونیو افسران نے پولیس اور دیگر متعلقہ اہلکاروں کے ساتھ مل کر گاوں پرتاپ سنگھ پورہ تحصیل بشناہ میں 23 کنال 13 مرلہ سرکاری اراضی بازیاب کرائی۔
بے دخلی مہم کے دوران حاصل کی گئی زمین پر اسٹیٹ لینڈ بورڈ بھی لگایا گیا تھا۔