عظمیٰ ویب ڈیسک
بارہمولہ/جل شکتی محکمہ بارہمولہ نے صارفین، خاص طور پر تجارتی اداروں، کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنے واجب الادا پانی کے بل آئندہ چار دنوں کے اندر ادا کریں، بصورت دیگر ان کا پانی کا کنکشن منقطع کر دیا جائے گا۔
ایگزیکٹو انجینئر بارہمولہ ڈویژن انجینئر اعجاز احمدنے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے پاس نادہندگان کا پانی کا کنکشن کاٹنے کے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں ہے۔ یہ عمل پہلے تجارتی اداروں سے شروع کیا جائے گا اور پھر گھریلو صارفین تک بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا، اپنے بقایا بل ادا کریں، ورنہ ہم مجبوراً آپ کا پانی کا کنکشن منقطع کر دیں گے۔انہوں نے ان صارفین کو بھی فوری طور پر اپنے غیر رجسٹرڈ کنکشنز کو باضابطہ بنانے کی ہدایت کی تاکہ سخت کارروائی سے بچ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ جن صارفین کے ذمے 10,000 روپے سے زائد کے واجب الادا بل ہیں، انہیں فوری طور پر پانی کی فراہمی سے محروم کر دیا جائے گا۔ انہوں نے صارفین پر زور دیا کہ وہ بلوں کی ادائیگی آن لائن کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچ سکیں۔
انجینئر اعجاز احمد نے پینے کے پانی کے غلط استعمال پر بھی سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ جو افراد نل کے پانی کو غیر ضروری کاموں جیسے کچن گارڈن کی آبیاری اور گاڑیوں کی دھلائی میں استعمال کرتے ہوئے پائے جائیں گے، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، جس میں ایف آئی آر درج کرنا بھی شامل ہوگا۔
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے میں ہم کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے عوام سے پانی کے دانشمندانہ استعمال کی اپیل کرتے ہوئے واضح کیا کہ کسی کو بھی خصوصی رعایت نہیں دی جائے گی۔
جل شکتی محکمہ بارہمولہ کی صارفین کو تنبیہ ، چار روز کے اندر واجب الادا بلوں کو ادا کریں
